کرونا وائرس کا شکار ہونے والے بالی وڈ نگری کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے اپنے مداحوں کے نام اسپتال کے کرونا وارڈ سے پیغام بھیجا ہے۔
امیتابھ بچن نے پیر کو اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں شاعرانہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ دعائیں اور نیک تمنائیں مجھ تک ایسے پہنچ رہی ہیں جس طرح طوفان کے دوران نہ رکنے والی بارش ہوتی ہے۔ محبت کے اس بندھن نے تمام بند توڑ دیے ہیں اور میں اس پیار میں بھیگ گیا ہوں۔
ہندی زبان میں کی گئی اپنی پوسٹ میں امیتابھ نے مزید کہا کہ اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں میری تاریک تنہائی روشن ہو گئی ہے جس کا میں شکریہ ادا کرنے کے کبھی قابل نہیں ہو پاؤں گا۔ اس لیے میں اپنے تمام مداحوں کے سامنے اپنا سر جھکاتا ہوں۔
امیتابھ بچن اور ان کے صاحبزادے ابھیشیک بچن ہفتے کو کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل ہوئے تھے۔
ابھیشیک کی اہلیہ ایشوریا رائے بچن اور ان کی بیٹی میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور انہوں نے گھر میں ہی خود کو قرنطینہ کر رکھا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' کے مطابق امیتابھ اور ان کے بیٹے ابھیشیک کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امیتابھ اور ابھیشیک اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج ہیں اور دونوں کی حالت بہتر ہے اور اُنہیں معمول کی ادویات دی جا رہی ہیں۔
یاد رہے کہ امیتابھ بچن کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی خبریں منظرِ عام پر آنے کے بعد ممبئی میونسپل کارپوریشن نے اتوار کو ہی ان کی چار رہائش گاہوں پراتشکا، جانک، واٹسا اور جلسا کو سیل کر دیا تھا۔
مذکورہ چاروں رہائش گاہیں امیتابھ اور ان کے اہلِ خانہ کے استعمال میں ہیں۔