نئے مسافر طیاروں میں نشستوں کا درمیانی فاصلہ دو انچ کم ہوگا

فائل فوٹو

امریکن ایئر لائنز کے ترجمان جوشوا فرید کا کہنا ہے کہ نئی نشستیں خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہیں اور انہیں اس طریقے سے بنایا گیا ہے کہ گھٹنے اور اگلی سیٹ کے درمیان زیادہ سے زیادہ فاصلہ برقرا رکھا جا سکے۔

امریکن ایئر لائنز اپنے فلیٹ میں شامل کیے جانے والے نئے طیاروں کی اکانومی کلاس کی نشتوں کے درمیانی فاصلے کو مزید دو انچ کم کررہی ہے، جس کا مقصد طیارے میں سیٹوں کی تعداد بڑھانا ہے۔

خبررساں ادارے روئیٹرز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکن ایئر لائنز کے لیے تیار کیے جانے والے بوئنگ 737 جیٹ طیاروں میں سیٹوں کا درمیانی فاصلہ 29 انچ کیا جا رہا ہے ، جب کہ اس وقت یہ فاصلہ 31 انچ ہے۔

نشستوں کے درمیان فاصلے میں کمی مسافروں کو اپنی ٹانگیں پھیلانے کے لیے کم جگہ ملے گی۔ تاہم ایئر لائننز کا کہنا ہے کہ نئی نشستیں اس طرح ڈیزائن کی گئی ہیں کہ فاصلے میں کمی سے مسافروں کو کسی پریشانی کا سامنا نہیں ہوگا۔

اسی طرح طیارے میں آمدورفت کے لیے نشستوں کی قطاروں کا درمیانی فاصلہ بھی 31 انچ سے گھٹا کر 30 انچ کیا جا رہا ہے۔

امریکن ایئر لائنز کے ترجمان جوشوا فرید کا کہنا ہے کہ نئی نشستیں خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہیں جو جگہ بچانے کے کام آتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ اگلی نشستوں سے ان کا فاصلہ دو انچ گھٹ گیا ہے لیکن انہیں اس طریقے سے بنایا گیا ہے کہ گھٹنے اور اگلی سیٹ کے درمیان زیادہ سے زیادہ فاصلہ رکھا جا سکے۔

طیارے میں مزید نشستوں کا اضافہ مسافروں کے لیے پریشانی میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ مسافر وں میں پرانے طیاروں، مختلف سہولتوں کی قیمتوں میں اضافے اور عملے کے رویے کی وجہ سے پہلے ہی برہمی پائی جاتی ہے۔

حال ہی میں ایک طیارے سے تشدد کے ذریعے ایک مسافر کو نکالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔