الابامہ واقع: معمر بھارتی اسپتال داخل، پولیس کیس دائر

فائل

پیش آنے والا واقع بتاتے ہوئے، اہل خانہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ میڈسن تھانے کی پولیس نے سریش بھائی پٹیل کو زمین پر گرایا اور اُن کے بازو مروڑے۔۔۔ علاقے کے پولیس سربراہ نے بتایا ہے کہ، اس واقعے میں ملوث پولیس اہل کار، ایرک پارکر کو گرفتار کر لیا گیا ہے

ستاون برس کے سریش بھائی پٹیل کا تعلق بھارت سے ہے۔ اس وقت، وہ نیم بیہوشی کی حالت میں الابامہ کے ایک اسپتال میں داخل ہیں۔

اخباری اطلاعات کے مطابق، سریش بھائی پٹیل کی ریڑھ کی ہڈی میں زخم آئے ہیں، جنھیں دور کرنے کے لیے عملِ جراحی درکار ہوگا۔

پیش آنے والا واقع بتاتے ہوئے، اہل خانہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ میڈسن تھانے کی پولیس نے سریش بھائی پٹیل کو زمین پر گرایا اور اُن کے بازو مروڑے۔

میڈیسن پولیس کے سربراہ، لیری مونسی کے بقول، اس واقعے میں ملوث پولیس اہل کار، ایرک پارکر کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پارکر پر نامناسب رویہ برتنے اور کسی فرد کو جسمانی تکلیف پہنچانے کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق، پارکر نے اپنے آپ کو محکمہٴپولیس کے حوالے کر دیا ہے۔

پولیس نے بتایا ہے کہ ہنٹس ویل کے مشرق میں 12 میل دور کا واقع ہے، جہاں کی ایک چھوٹی سی کمیونٹی سے یہ رپورٹ موصول ہوئی تھی کہ ایک شخص ہمسایوں کی حدود پھلانگ کر گیراجوں کو دیکھنے کا مرتکب ہو رہا ہے۔

میڈسن پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ، کالر، جو اُسی علاقے کا ایک قریبی مکین ہے، اُنھوں نے ہمسایہ پٹیل کو نہیں پہچانا، اور یہ کہ اُنھیں ان کے مشتبہ ہونے کا شک ہوا۔

پھر جب پولیس وہاں پہنچی، تو اُسے زبان کا مسئلہ درپیش آیا۔

پٹیل کو انگریزی کم ہی آتی ہے۔ وہ 17 ماہ کے اپنے پوتے، ایان کی تیمارداری کرتا ہے، جسے کوئی پیدائشی بیماری لاحق ہے۔

بعدازاں، اُن کے بیٹے، چراغ پٹیل نے پولیس کو بتایا کہ اُن کے والد نے پولیس کو بتایا کہ اُنھیں انگریزی نہیں آتی، اور یہ کہ وہ بھارتی ہیں۔ مزید یہ کہ اُنھوں نے پولیس کو گھر کا پتہ بتایا، جس کی طرف اُنھوں نے اشارہ بھی کیا۔

میڈسن تھانے کی پولیس نے بتایا کہ پولیس اہل کار اور پٹیل کے درمیان سارا معاملہ زبان نہ آنے کے باعث پیدا ہوا۔

پولیس کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ جب پٹیل سے گفتگو ہو رہی تھی، اُنھوں نے اپنی جیبوں میں ہاتھ ڈالا۔ بیان کے مطابق، ’اہل کاروں نے اُنھیں ہاتھ اوپر کرنے اور نیچے لیٹنے کے لیے کہا‘۔

اہل خانہ کے بیان کے مطابق، پولیس اہل کاروں نے پٹیل کو زمین پر گرایا، جس سے اُن کی گردن میں زخم آئے، جب کہ اُن کے بازو سُن ہوگئے۔

پٹیل کو کئی ماہ کی جسمانی تھیراپی کی ضرورت ہے۔ وہ اب اپنے ہاتھوں کو جنبش دے سکتے ہیں، لیکن اُنھیں بولنے میں دقت پیش آ رہی ہے۔ چراغ پٹیل نے بتایا کہ اُن کا والد اپنی دائیں ٹانگ کو جبنش دے سکتا ہے، لیکن بائیں ٹانگ نہیں ہلا سکتے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق، پٹیل خاندان نے محکمہٴپولیس کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے۔