اکشے کمار ،کھٹا میٹھا، میں مراٹھی گانا گائیں گے

بالی وڈ کے اداکار اکشے کمار

بالی وڈ میں ایکشن اور کامیڈی فلموں میں لاجواب اداکاری سے ایک منفرد پہچان بنانے والے ہیرو اکشے کمار نئی فلم ’کھٹا میٹھا’ میں بطور گلوکار اپنی آواز میں ایک مراٹھی نغمہ ریکارڈ کریں گے۔ فلمساز پریا درشن کی یہ فلم 1989ء میں ریلیز ہوئی اُن کی ہی ہٹ ملیالم فلم ’ویلانا کلوڑے ناڈو’ کا ری میک ہے۔

’نانا چی ٹانگ’ نامی اِس مراٹھی نغمے کے لیے موسیقی بالی وڈ کے کامیاب موسیقار پریتم نے تیار کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اکشے کی آواز میں ریکارڈ کیا جانے والا یہ نغمہ راک میوزک اور مثالی مراٹھی دُھن کا مِکسچر ہوگا۔ میوزک کمپنی ٹی سیریز کے بھوشن کمار کو یقین ہے کہ اکشے کا فلم کٹھا میٹھا کا گانا سال کا بہترین ہٹ نغمہ ثابت ہوگا۔

خیال رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب اکشے اداکاری کے ساتھ ساتھ کسی فلم میں بطور گلوکار بھی کام کررہے ہیں۔ اِس سے قبل فلم سنگھ اِز کِنگ فلم میں اکشے نے ریپ سانگ کو گنگنایا تھا۔ اُس کے بعد فلم چاندنی چوک ٹو چائنا کے لیے بھی انہوں نے ریپ سانگ کے کچھ حصے کو اپنی آواز میں گایا ہے۔ اور اب اکشے نانا چی ٹانگ نغمے کو گائیں گے۔

اکشے کے علاوہ ماضی میں امیتابھ بچن، گوندا، عامر خان، سلمان خان، سنجے دت، ریتک روشن اور شاہ رخ خان جیسے معروف و مشہور اداکار بھی ہندی فلموں میں گلوکاری کے شعبے میں اپنی قسمت آزما چکے ہیں۔

کھٹا میٹھا رومانٹک کامیڈی فلم میں اکشے کے ساتھ جنوبی بھارت کی ہیروئین ترِشا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ اِس کے علاوہ پریش راول، ارونا ایرانی اور راج پال یادو بھی فلم میں اہم کردار کررہے ہیں۔