پاکستان نے لائن آف کنڑول پر فائرنگ اور بلوچستان و کراچی میں مبینہ بھارتی مداخلت کے خلاف اقوام متحدہ میں پیش کردہ ’دستاویز‘ امریکی وزیر خارجہ کو بھی پیش کر دیے ہیں۔
پاکستان کے سکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے واشنگٹن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے یہ ’دستاویز‘ جان کیری کو ناشتے کی میز پر حوالے کیے۔
بقول پاکستانی سکریٹری خارجہ، اِن دستاویز میں پاکستان میں بھارتی مداخلت کے مکمل ثبوت موجود ہیں؛ اور پاکستان نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ لائن آف کنڑول پر بھارتی فائرنگ کو رکوانے اور فاٹا، بلوچستان اور کراچی میں بھارتی مداخلت کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔
انھوں نے بتایا کہ ’دونوں رہنماؤں کے درمیان بات چیت نہایت خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ پاکستان نے افغانستان کی صورتحال پر امریکہ کو اعتماد میں لیا اور بتایا کہ وہ اپنے اس پڑوسی ملک میں استحکام کے لئے کیا اقدامات کر رہا ہے‘۔
اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ جان کیری سے ملاقات میں علاقائی امن، ضرب عضب اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہٴخیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نواز شریف اور امریکی صدر براک اوباما کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بارے میں، اُنھوں نے کہا کہ اس بات چیت میں دوطرفہ مفادات، علاقائی سیکورٹی، پاک بھارت تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر موضوع زیر غور آئیں گے۔