پاکستان میں آٹے کے بعد چینی کے بحران کا خدشہ

(فائل فوٹو)

پاکستان ميں آٹے کے بعد چينی کا بحران بھی سر اُٹھا رہا ہے اور بازار ميں فی کلو گرام چينی کی قيمت 85 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ ماہرین اس خدشے کا اظہار کر رہے ہیں کہ اگر صورتِ حال ایسی ہی رہی تو چینی 100 روپے فی کلو تک پہنچ سکتی ہے۔

گندم کے بحران کے بعد پاکستان کے وزيراعظم عمران خان نے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی سربراہی ميں تحقيقاتی کميٹی قائم کر دی ہے، تاکہ گندم بحران کے اصلی ذمہ داروں کا تعين کر سکے۔

وفاقی وزير سائنس و ٹيکنالوجی فواد چوہدری کہتے ہیں کہ اتنا بڑا بحران نہیں ہے جتنا میڈیا میں پیش کیا جا رہا ہے۔ وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ بہت سے عوامل کے باعث ایسا ہوا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم نے تحقیقات کا حکم دیا ہے، تاکہ اس صورتِ حال کے ذمہ داروں کو سزا دی جا سکے۔

'حکومت نے زیادہ چینی برآمد کر دی ہے'

تاجر برادری کے مطابق، کراچی کی پرچون مارکيٹ ميں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران چينی کی قيمت ميں دس روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ فريد قريشی کراچی پرچون فروش ايسوسی ايشن کے سيکريٹری جنرل ہيں۔ اُن کا کہنا ہے کہ دلچسپ امر يہ ہے کہ يہ اضافہ ايسے وقت ميں ہو رہا ہے جب ملک ميں گنے کا کرشنگ سيزن چل رہا ہے۔

فرید قریشی کے بقول، شوگر مل مالکان نے چینی کی قیمت میں چھ روپے فی کلو اضافہ کیا ہے۔

ياد رہے کہ گزشہ ماہ چينی کی مارکيٹ ميں فی کلو قيمت 62 روپے تھی۔ وائس آف امريکہ سے بات کرتے ہوئے فريد قريشی نے بتايا کہ وہ توقع کر رہے تھے کہ چونکہ گنے کا سيزن شروع ہو چکا ہے تو چينی کی قيمت مزيد کم ہو جائے۔ ليکن، ايسا لگتا ہے کہ حکومت نے زیادہ چینی برآمد کر دی ہے۔ اور آٹے کی طرح چینی کے بحران کا بھی خدشہ ہے۔

شوگر ملز مالکان کا موقف

پاکستان شوگر ملز ايسوسی ايشن کے ترجمان، محمد وحيد چوہدری کے مطابق، حاليہ بحران ملک ميں چينی کی کم پيداوار کی وجہ سے ہے۔

وائس آف امريکہ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتايا کہ کسانوں نے کم نرخ ملنے کے خدشے کے پیش نظر گنے کی فصل کم لگائی۔ اُن کا کہنا ہے کہ یہ رسد اور ترسیل کا معاملہ ہے۔ جب گنا زیادہ پیدا ہوتا ہے تو ملز مالکان اس کی قیمت کم لگاتے ہیں، لیکن جب گنا کم پیدا ہوتا ہے تو مل مالکان کو مہنگے نرخوں پر کسان سے خریدنا پڑھتا ہے، جس کا لامحالہ اثر چینی کی قیمت پر پڑتا ہے۔

وحید چوہدری نے بتایا کہ شوگر ملز جو گنا 190 روپے فی من کے حساب سے کاشت کاروں سے خرید رہی تھیں، اب مارکيٹ ميں اس کی قيمت 240 تک پہنچ گئی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ گنا مہنگا ہونے کے باعث شوگر ملز ایسوسی ایشن کو ملیں بند کرنا پڑیں۔ لیکن، حکومتی دباؤ کی وجہ سے ملوں نے دوبارہ کام شروع کر دیا ہے۔

دوسری جانب، ايک عام تاثر ہے کہ شوگر مل مالکان کسانوں کے گنے سے لدے ٹرکوں کو طويل لائنوں ميں ہفتوں کھڑا رکھتے ہيں جس سے گنے کا وزن کم ہو جاتا ہے اور کسانوں کو پيسے وزن کے حساب سے کم دينے پڑتے ہيں۔

تاہم، وحيد چوہدری اس تاثر کو رد کرتے ہيں۔ انکے مطابق، جتنی جلدی گنے کی کرشنگ ہوگی اتنی زيادہ چينی پيدا ہو گی۔

ان کا کہنا ہے کہ کسان بغير پرمٹ اپنے ٹرک لے کر آ جاتے ہيں اور يوں اُنہیں ملوں کے باہر رکنا پڑتا ہے، جس کی ذمہ داری وہ ملز مالکان پر ڈالتے ہيں۔ وحید چوہدری کہتے ہیں کہ شوگر ملز مالکان نہیں چاہتے کہ کسان کا مالی نقصان ہو۔ شوگر ملز اور کسان ایک دُوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔ مگر کسانوں کو مالی نقصان حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے ہوتا ہے۔

وحید چوہدری نے بتایا کہ پاکستان میں چینی کی ڈیمانڈ 60 لاکھ ٹن ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کرشنگ سیزن کے اختتام تک پاکستان میں ڈیمانڈ کے مطابق، چینی موجود ہو گی۔

شوگر ملز ايسوسی ايشن کے مطابق، گزشتہ ايک سال ميں سات لاکھ 63 ہزار تين سو تريپن ٹن چينی برآمد کی گئی۔ اس کے علاو وفاقی بجٹ سال 2019-20 ميں بھی چينی پر 3.60 روپے فی کلوگرام سيلز ٹيکس لگايا گیا۔

کسان بورڈ کا موقف

صوبہ خيبر پختونخوا کسان بورڈ کے صدر رضوان اللہ شوگر ملز ايسوسی ايشن سے اختلاف کرتے ہيں۔ اُن کا کہنا ہے کہ شوگر ملز مالکان اور حکومت کسانوں کو مناسب نرخ نہیں دیتے۔ مہنگائی کے باعث گنے کی کاشت پر لاگت زيادہ آ رہی ہے جبکہ حکومت بہت کم ريٹ کا تعين کرتی ہے۔

رضوان اللہ کے مطابق، ملز مالکان حکومتی مقررہ ريٹ سے بھی کسان سے گنا کم داموں ميں خريدتے ہيں اور اُن کا استحصال کيا جاتا ہے، کيوں کہ اُنہیں پتا ہے کہ شوگر مل کے علاوہ گنے کی کوئی اور مارکيٹ نہیں ہے۔

البتہ، وزیر اعظم پاکستان کے معتمد خاص جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ حکومت کو احساس ہے کہ مہنگائی کے باعث عوام پریشان ہیں۔ اُن کے بقول، وزیراعظم پرائس کنٹرول پر ہفتہ وار اجلاس کرتے ہیں۔

ايک نجی ٹيلی وژن چينل سے بات کرے ہوئے جہانگير ترين نے بتايا کہ تھوک اور پرچون کی قيمتوں ميں بہت زيادہ فرق ہے۔ تاہم، وہ پُر اميد ہيں کہ بہت جلد حالات قابو میں آ جائیں گے۔