مشرقی افغانستان میں سڑک میں نصب بم پھٹنے سے نیٹو کے تین فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
بین الاقوامی افواج کی طرف سے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ منگل کو پیش آیا۔ اس کی مزید تفصیلات اور مرنے والوں کی قومیت کے بارے میں نہیں بتایا گیا۔
اتحادی افواج کی ہلاکتوں پر نظر رکھنے والی ایک غیر جانبدار ویب سائٹ iCasualities.org کا کہنا ہے کہ رواں سال اب تک افغانستان میں 539 غیر ملکی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
2010ء اتحادی افواج کے لیے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوا جس میں 700 سے زائد نیٹو فوجی مارے گئے تھے۔
افغانستان میں اتحادی افواج کی طرف سے سلامتی کی ذمہ داریاں مقامی فوج اور پولیس کو سونپے جانے کا دوسرا مرحلہ جاری ہے اور سلسلہ وار منتقلی کا یہ عمل 2014ء کے اواخر تک مکمل ہوجائے گا۔