غلطی فہمی کی بنا پر جھڑپ میں دو افغان پولیس اہلکار ہلاک

غلطی فہمی کی بنا پر جھڑپ میں دو افغان پولیس اہلکار ہلاک

افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ مشرقی ضلع غزنی میں افغان اور اتحادی افواج نے ایک جھڑپ میں دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک اور دیگر تین افراد کو زخمی کردیا۔

اتحادی افواج نے بتایا کہ افغان نیشنل سکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر موجود ’’افراد‘‘ نے جمعہ کو دیر گئے گرینیڈ، مارٹر اور چھوٹے ہتھیاروں سے مشترکہ سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے انھیں متعدد بار اپنی شناخت کرانے کی کوششوں کے بعد جوابی کارروائی کی۔

افغان حکام کا کہنا ہے کہ یہ جھڑپ غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔

افغانستان میں ایک لاکھ تیس ہزار بین الاقوامی فوجی تعینات ہیں جن میں اکثریت امریکیوں کی ہے۔ 2014ء کے اختتام تک تقریباً تمام غیر ملکی افواج ملک سے چلی جائیں گی لیکن توقع ہے کہ امریکی فوجیوں کی کچھ تعداد مشاورتی عوامل میں حصہ لینے کے افغانستان میں موجود رہے گی۔