شہری علاقوں میں فضائی حملوں پر ’مکمل پابندی‘

افغان صدر حامد کرزئی (فائل فوٹو)

افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ شہری علاقوں میں نیٹو کے فضائی حملوں پر ’’مکمل پابندی ہے‘‘ حتیٰ کہ اگر اتحادی افواج کو لڑائی کا سامنا ہی کیوں نا ہو۔

صدر کرزئی نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ کسی بھی وجہ سے شہریوں کے گھروں پر بمباری کی اجازت نہیں اور افغانستان ان فضائی حملوں کو ’’نامناسب‘‘ اور طاقت کا ’’ناجائز‘‘ استعمال تصور کرتا ہے۔

ان کے اس بیان سے ایک روز قبل نیٹو حکام نے رہائشی علاقوں پر فضائی حملوں کی ممانعت کے ایک معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ ہفتے ایک ایسے ہی حملے میں افغان حکام کے مطابق 18 شہری ہلاک ہوگئے تھے۔

لیکن افغانستان میں امریکی افواج کے ڈپٹی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل کرٹس اسکاپوروتی نے پیر کے روز کہا تھا کہ اگر کوئی چارہ نہ ہو تو ایسی صورت میں فوجی فضائی حملے کے لیے مدد طلب کر سکتے ہیں۔

دریں اثناء منگل کو افغان حکام نے بتایا کہ صوبہ بلخ میں ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے میں دو افراد ہلاک اور پانچ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جب کہ وردک صوبے میں ایک مسافر بس سڑک میں نصب بم سے ٹکرا گئی جس سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔