افغانستان : طالبان کے حملے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک

فائل فوٹو

افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں بدھ کی رات پولیس چوکی پر طالبان کے حملے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے۔

صوبائی کونسل کے سربراہ صفدر محسنی نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹ پریس کو بتایا کہ پولیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان چار گھنٹوں تک جھڑپ جاری رہی۔

اس دوران تازہ کمک پہنچنے کے بعد پولیس نے طالبان کے حملے کو پسپا کر دیا۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔

طالبان کی طرف سے افغان سیکورٹی فورسز پر حملوں میں تیزی دیکھی جاری ہےجبکہ دوسری جانب افغانستان میں قیام امن کے لئے کی جانے والی کوششوں میں اضافہ بھی دیکھنے میں آرہا ہے۔

طالبان اور امریکہ کے درمیان گزشتہ ماہ ہونے والی براہ راست بات چیت کے باوجود افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کے حملے جاری ہیں۔

امریکہ اور افغان طالبان کے نمائندوں کے درمیان گزشتہ ماہ متحدہ عرب امارت کے دارالحکومت ابوظہبی میں ہونے والے مذاکرات میں اطلاعات کے مطابق 2019 ء میں عبوری جنگ بندی کی تجویز پر بھی غور ہوا تاہم اس کے باوجود اس ضمن میں تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔