افغان انتخابات: پاک افغان سرحدی گزرگاہیں دو دن کے لیے بند

فائل فوٹو

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق دونوں سرحدی گزرگاہیں جمعے اور ہفتے کو ہر قسم کی آمد و رفت اور دو طرفہ تجارت کے لیے بند رہیں گی۔

افغانستان میں ہفتے کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں پاک افغان سرحد پر واقع دو مصروف ترین سرحدی گزر گاہوں طورخم اور چمن کو دو روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جمعے کو جاری کیے جانے والے ایک بیان کے مطابق دونوں سرحدی گزرگاہیں جمعے اور ہفتے کو ہر قسم کی آمد و رفت اور دو طرفہ تجارت کے لیے بند رہیں گی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدی گزرگاہوں کو افغان حکومت کی درخواست پر بند کیا گیا گیا ہے اور اس فیصلے کا مقصد افغانستان میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے پرامن انعقاد میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

افغانستان کی پارلیمان کی 249 نشستوں پر انتخابات ہفتے کو منعقد ہو رہے ہیں۔ ان نشستوں میں سے 68 خواتین جب کہ ایک نشست غیر مسلم اقلیتوں کے لیے مخصوص ہے جن کا انتخاب بھی ہفتے کو ہی ہوگا۔

انتخابات میں لگ بھگ تین ہزار امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ افغانستان پر 2001ء میں امریکی حملے اور اس کے نتیجے میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد ملک میں قائم ہونے والی یہ تیسری پارلیمان ہوگی۔

انتخابی عمل کے دوران افغانستان کے طول و عرض میں ہونے والے پرتشدد واقعات اور طالبان کے حملوں میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں ایک غیر مسلم امیدوار سمیت تین سابق ارکانِ پارلیمنٹ بھی شامل ہیں۔

طالبان نے جمعے کو ایک بار پھر افغان عوام کو انتخابی عمل سے دور رہنے کا انتباہ دیا ہے اور کہا ہے کہ وہ انتخابی سرگرمیوں کو نشانہ بنائیں گے۔

دریں اثنا پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے جنوبی افغان شہر قندھار میں جمعرات کو ہونے والے حملے میں افغان اہلکاروں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق شاہ محمود قریشی نے دہشت گردی کے اس واقعے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان میں قیام امن کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

جمعرات کو قندھار کے گورنر کے دفتر میں ایک محافظ کی فائرنگ سے پولیس اور انٹیلی جنس کے صوبائی سربراہان ہلاک جب کہ گورنر شدید زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے کے بعد افغان حکومت نے قندھار صوبے میں انتخابات ایک ہفتے کے لیے موخر کردیے ہیں۔