خودکش کار بم حملے میں افغان انٹیلیجنس سروس یونٹ کے اہلکاروں کو ہدف بنایا گیا۔
افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں ایک خودکش کار بم دھماکے میں افغان انٹیلی جنس سروس کے چھ اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس ’اے پی‘ کے مطابق خودکش کار بم حملے میں افغان انٹیلیجنس سروس یونٹ کے اہلکاروں کو ہدف بنایا گیا۔
یہ خودکش کار بم حملہ پیر کی شب کیا گیا اور اس میں سات اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
صوبائی حکام کا الزام ہے کہ یہ طالبان کی کارروائی تھی۔ جس علاقے میں یہ خودکش کار بم حملہ کیا گیا وہ ہلمند کے صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ کے قریب واقع ہے۔
اس حملے کی تاحال کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
صوبہ ہلمند میں طالبان کی کارروائیوں میں حالیہ مہینوں میں اضافہ دیکھا گیا اور اس صوبے میں ماضی میں سرکاری فورسز اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان شدید لڑائی بھی ہو چکی ہے۔