|
یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے ممکنہ طور پر بحیرہ احمر میں ایک بحری جہاز کو اتوار کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا جس کے سبب جہاز کو نقصان پہنچا ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ حوثی باغیوں نے اہم سمندری گزر گاہ کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے کہ جب امریکہ نے اپنے طیارہ بردار بحری جہاز ڈی وائٹ ڈی ایسن ہوور کو آٹھ ماہ کی تعنیاتی کے بعد وطن واپس بھیج دیا ہے جو حوثیوں کے حملوں کے خلاف امریکی رد عمل کے لیے بحیرہ احمر میں تعینات تھا۔
ان حملوں کی وجہ سے ایشیائی، مشرق وسطیٰ اور یورپی منڈیوں کے لیے اس اہم راستے کے ذریعے ہونے والی آمد و رفت میں شدید کمی دیکھی گئی ہے جن کے بارے میں حوثیوں کا کہنا ہے کہ یہ حملے تب تک جاری رہیں گے جب تک کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کی جنگ جاری ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
برطانوی فوج کے یونائیٹڈ کنگ ڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ڈرون حملہ باغیوں کے زیر قبضہ ساحلی شہر حدیدہ کے ساحل کے قریب سے صبح کے اوقات میں کیا گیا۔
سینٹر کے مطابق حملے سے بحری جہاز کو نقصان پہنچا ہے تاہم جہاز میں موجود عملہ محفوظ ہے جب کہ بحری جہاز کو پہنچنے والے نقصان سے متعلق نہیں بتایا گیا اور کہا گیا ہے تحقیقات جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نجی سیکیورٹی فرم ‘ ایمبری’ نے اس جہاز کی شناخت لائبیریا کے جھنڈے والے کنٹینر جہاز کے طور پر کی ہے جو کہ چین کے شہر چنگ ڈاؤ جا رہا تھا۔
تاہم حوثی باغیوں نے اس حملے کی اب تک ذمہ داری قبول نہیں کی اور ہو سکتا ہے کہ وہ اس ذمہ داری کو قبول کرنے میں چند گھنٹے یا دن لگا دیں۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے مخصوص بحری جہازوں کو نشانہ بناتے ہوئے 60 سے زیادہ حملے کیے ہیں اور ان کارروائیوں میں میزائل اور ڈرون استعمال کیے ہیں جب کہ ان حملوں میں کل چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق حوثی نومبر سے اب تک ایک جہاز پر قبضہ کرنے میں کامیاب رہے جب کہ دو جہاز ڈوب گئے تھے۔
SEE ALSO: اگر جنگ شروع ہوئی تو اسرائیل میں کوئی جگہ محفوظ نہیں رہے گی؛ حزب اللہ کی دھمکیباغیوں کا کہنا ہے کہ امریکہ کی زیر قیادت کارروائیوں میں جنوری سے انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے اور 30 مئی کو کیے جانے والے حملوں میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 42 زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری طرف حوثی باغیوں کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل، امریکہ اور برطانوی جہازوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
امریکہ کا حوثی باغیوں کے تین جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بحیرہ احمر میں تین ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کے جہازوں کو تباہ کیا ہے جو کہ عملے کے بغیر تھے۔
خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق سینٹ کام کا مزید کہنا ہے کہ حوثیوں نے خلیج عدن میں تین اینٹی شپ بیلسٹک میزائل داغے تاہم امریکہ، اتحادیوں یا تجارتی جہازوں کو کوئی جانی یا خاص نقصان نہیں پہنچا۔
حوثی باغیوں کا اسرائیلی بندر گاہ پر حملے کا دعویٰ
یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل کی حیفہ بندرگاہ پر کھڑے بحری جہازوں پر حملے کا دعویٰ کیا ہے۔
Your browser doesn’t support HTML5
یمن کے حوثی باغیوں نے اتوار کو دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے عراق میں اسلامی مذاحمتی گروپ کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ فوجی آپریشن میں اسرائیل کی شمالی حیفہ بندر گاہ پر چار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹس کے مطابق حوثی ترجمان یحیی ساری کا ٹی وی بیان میں کہنا ہے کہ دو گروپوں نے حیفہ بندر گاہ پر دو سیمنٹ ٹینکرز اور دو کارگو جہازوں کو ہفتے کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ بحری جہاز ان کمپنیوں کے تھے جنہوں نے بندر گاہوں میں داخلے کی خلاف ورزی کی تھی۔
تاہم اسرائیلی فوج نے فوری طور پر اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اس سے قبل اسرائیلی فوج نے رواں ماہ کے اوائل میں حوثیوں کے اسی طرح کے دعوے کی تردید کی تھی۔
اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ اور ’رائٹرز‘ سے معلومات شامل کی گئی ہیں۔