عامر خان کی نئی گرل فرینڈ کون ہیں؟

ویب ڈیسکبالی وڈ کے'مسٹر پرفیکشنسٹ' عامر خان نے اپنی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پرانی دوست کے ساتھ تعلقات کا انکشاف کیا ہے۔

اداکار نے جمعرات کو ممبئی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران بتایا کہ وہ گوری اسپراٹ کو ڈیٹ کر رہے ہیں۔

بھارتی اخبار 'ہندوستان ٹائمز' کے مطابق اداکار نے بتایا کہ وہ اور گوری ایک سال سے ساتھ ہیں اور دونوں ایک دوسرے کو گزشتہ 25 برس سے جانتے ہیں۔

عامر خان نے بتایا کہ گوری کا تعلق بینگلورو سے ہے۔ ان کے بقول "گوری اتفاق سے ممبئی میں تھی اور اچانک ہماری ملاقات ہوئی۔ پھر ہم رابطے میں رہے اور پھر سب کچھ قدرتی طور پر ہوتا چلا گیا۔"

عامر خان نے میڈیا نمائندوں کو کہا "میں نے سوچا کہ یہ آپ سب کے لیے گوری سے ملنے کا اچھا موقع ہوگا۔ ویسے بھی ہمیں بار بار چھپانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔"

SEE ALSO: عامر خان کا فلم 'انداز اپنا اپنا' کے سیکوئل کا اعلان

یاد رہے کہ عامر خان کی پہلی شادی 1986 میں فلم پروڈیوسر رینا دتہ سے ہوئی تھی۔ اداکار اور رینا 2002 میں علیحدہ ہوگئے تھے جن سے ان کے دو بچے جنید اور عائرہ خان ہیں۔

اداکار نے 2005 میں ہدایت کارہ کرن راؤ سے شادی کی تھی لیکن 2021 میں دونوں کے درمیان علیحدگی ہو گئی تھی۔ کرن سے ان کا ایک بیٹا ہے جس کا نام آزاد ہے۔

عامر خان نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اپنی دونوں سابق شریکِ حیات کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ انہوں نے رینا اور کرن کے ساتھ 16، 16 برس گزارے ۔ان کے بقول انہوں نے ان رشتوں سے بہت کچھ سیکھا اور یہ ایک بہت ہی خوبصورت سفر تھا۔

انہوں نے کہا کہ گوری کے ساتھ تعلق میں انہیں ٹھہراؤ محسوس ہوتا ہے۔

عامر نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ 60 سال کی عمر میں شادی کرنی چاہیے یا نہیں لیکن ان کے بچے بہت خوش ہیں۔

عامر خان ان دنوں اپنی فلم 'ستارے زمین پر' کام کر رہے ہیں۔