پاکستان نے افغانستان کے ضلع سروبی میں آنے والے اچانک سیلاب میں ہونے والی ہلاکتوں پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی طرف سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق، پاکستان کی حکومت اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں افغان بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان کے وسطی صوبہ کابل کے ضلع سروبی میں گزشتہ اتوار کو ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے اچانک سیلاب میں 17 افراد ہلاک ہوئے۔
ضلع سروبی کے ایک اعلیٰ عہدیدار، محمد فہیم مزمل کے حوالے سے سامنے والی اطلاعات کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے سات افراد بھی شامل ہیں جن کی گاڑی سیلابی پانی میں بہہ گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کی وجہ ضلع میں مختلف واقعات میں مزید چار افراد ہلاک اور چھ زخمی ہوئے، جبکہ چھ افراد لاپتہ ہوگئے۔
بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
اچانک سیلاب کی وجہ سے صوبہ کابل کے خاک جبار ضلع بھی متاثر ہوا۔ تاہم، وہاں ہونے والے ںقصان کی تصدیق نہیں ہو پائی۔