شمالی کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھنے کے بعد تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئیوں کے نتیجے میں حکام نے سونوما کاؤنٹی کے تقریباً تمام علاقوں کے لیے یہ وارنگ جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر علاقہ چھوڑ کر محفوظ مقامات پر چلے جائیں۔
دوسری جانب بجلی کے محکمے نے تیز ہواؤں میں بجلی کی تاریں ٹکرانے سے آگ لگنے اور پھیلنے کے خدشات کے پیش نظر علاقے کی بجلی بند کر دی ہے جس سے لاکھوں گھر اور کاروبار تاریکی میں ڈوب گئے ہیں۔
اکتوبر کے مہینے میں کیلی فورنیا کا موسم خشک ہوتا ہے اور ایک معمولی سی چنگاری خشک درختوں اور پودوں میں آتش زدگی کا باعث بن جاتی ہے جس سے قریبی آبادیوں کے لیے جان و مال کے خطرات کھڑے ہو جاتے ہیں۔
بجلی کے ادارے پیسیفک گیس اینڈ الیکٹرک نے ہفتے کی شام سے بجلی بند کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور اب تک 38 کاؤنٹیوں کے 25 لاکھ سے زیادہ افراد کے پاس بجلی نہیں ہے۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ تقریباً 104 مربع کلو میٹر کے علاقے میں واقع تمام آبادیوں کو نقل مکانی کا حکم دیا گیا ہے۔
الیکٹرک کمپنی نے بتایا کہ آتش زدگی کے خطرے کے پیش نظر تقریباً ساڑھے نو لاکھ گھروں کی بجلی بند کر دی گئی ہے اور وہاں 48 گھنٹوں سے بلیک آؤٹ کی صورت حال ہے۔ یہ آبادیاں خلیج فرانسسکو اور وائن کاؤنٹی کے علاقے میں واقع ہیں۔
فلوریڈا کی الیکٹرک کمپنی نے کہا ہے کہ وہ اپنے ایک سو کارکنوں کو کیلی فورینا کے متاثرہ علاقوں میں بھیج رہی ہے تاکہ جنگلی آگ سے بجلی کے نظام کو پہنچنے والے نقصان کی مرمت اور بحالی کے کاموں میں مدد فراہم کی جا سکے۔