رسائی کے لنکس

پاکستانی فلم ’زندہ بھاگ‘ آسکر کی نامزدگی کے لئے منتخب


’زندہ بھاگ‘ کو 86 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی فارن لینگویج فلم کی کیٹگری میں نامزدگی کی غرض سے بھیجا جائے گا

کراچی ..... ہالی وڈ اور بالی وڈ کے مقابلے میں اپنی بقا کی جنگ لڑتی پاکستان فلم انڈسٹری کے لئے ایک اچھی خبریہ ہے کہ فلم ’زندہ بھاگ‘ آسکر کی نامزدگی کے لئے منتخب کرلی گئی ہے۔ پچھلے 50سالوں کے دوران آسکر کے لئے نامزد گی کی غرض سے منتخب ہونے والی یہ پہلی فلم ہے۔

’زندہ بھاگ‘ باہر کے ملکوں میں جاکر کم وقت میں زیادہ پیسے کمانے کے خواب دیکھنے والے تین عام سے نوجوانوں کی کہانی ہے۔

پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق رومینٹک تھرلر ’زندہ بھاگ‘ کو 86 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی فارن لینگویج فلم کی کیٹگری میں نامزدگی کی غرض سے بھیجا جائے گا۔

’زندہ بھاگ‘ کا تین دیگر فلموں سے مقابلہ تھا جو پاکستانی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کے سامنے پیش کی گئی تھیں۔ ان فلموں میں ’چنبیلی‘، ’جوش‘ اور ’لمحہ‘ شامل تھیں۔

آسکر ایوارڈز کی نامزدگی کے لئے فلم کا انتخاب سیکرٹ بیلٹ یا خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا گیا جس میں کمیٹی ممبران کی اکثریت نے ’زندہ بھاگ‘ کو ووٹ دیا۔

مینو گوہر اور فرجاد نبی کی لکھی ہوئی اور مظہر زیدی کی پروڈز کردہ ’زندہ بھاگ‘ کی کہانی گلی محلوں میں زندگی گزارنے والے نوجوانوں کی ہے جو خوشحال مستقبل کے لئے ملک سے باہرجانے کے چکر میں ایک جعل ساز ٹریول ایجنٹ کے چنگل میں پھنس جاتے ہیں۔

فلم کے لیڈنگ رولز ادا کئے ہیں آمنہ الیاس اور خرم پطرس نے جبکہ بالی وڈ ایکٹر نصیر الدین شاہ نے جعلی ٹریول ایجنٹ کا کردار نبھایا ہے۔

’زندہ بھاگ‘ کے انتخاب کے حوالے سے پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی چیئرپرسن شرمین عبید چنائے کا کہناہے’بالآخر، پاکستان کو ایسی فلم مل گئی جو باوقار آسکر ایوارڈز میں نامزدگی حاصل کرنے کی اہل ہے۔ مجھے فخر ہے کہ پاکستانی فلم میکرز کو اس فلم سے دنیا بھر میں شناخت بنانے کا موقع ملے گا‘۔

کمیٹی کی ممبر مہرین جبار نے اپنے خیالات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’زندہ بھاگ‘ ذہانت سے بنائی گئی فلم ہے جس کا موضوع غیر روایتی ہے اور اسے منفرد انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ یہ پاکستانی سینما کی بحالی کے لئے بہت خوش آئند ہے۔

کمیٹی کی ایک اور ممبر عاکفہ میاں کہتی ہیں کہ ’زندہ بھاگ‘ مزاحیہ فلم ہے لیکن اس کے ڈائیلاگ پراثر اور دل کو چھو لینے والے ہیں۔

بالی وڈ کے لیجنڈری ایکٹر نصیرالدین شاہ نے’زندہ بھاگ‘ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ’مجھے اس فلم کا حصہ بننے پر فخر ہے‘۔

’زندہ بھاگ‘ سینما کی اس کیٹگری میں آتی ہے جسے’سینما آف کنوکشن‘ کہا جاتا ہے۔

’زندہ بھاگ‘ اس سے قبل چار بین الاقوامی ایوارڈز جیت چکی ہے۔ ساوٴتھ ایشین ہیرٹیج فیسٹول مسی ساگا میں اس نے بیسٹ میوزک ساوٴنڈ ٹریک، بیسٹ ایکٹر (فیمیل)، بیسٹ سپورٹنگ ایکٹر اور بیسٹ پکچر کے ایوارڈز جیتے۔ فلم ملک بھر میں نمائش کے لئے 20ستمبر کو پیش کی جائے گی۔

’زندہ بھاگ‘ سے پہلے آخری مرتبہ سنہ1963 میں کوئی پاکستانی فلم آسکر کے لئے نامزدگی کی غرض سے بھیجی گئی تھی۔
XS
SM
MD
LG