رسائی کے لنکس

یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر مقرر، نوٹی فکیشن جاری


 پیپلز پارٹی کے وفد نے یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔
پیپلز پارٹی کے وفد نے یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔

پاکستان کے ایوانِ بالا (سینیٹ) میں حزبِ اختلاف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی کو قائدِ حزبِ اختلاف مقرر کر دیا گیا ہے۔

سینیٹ سیکریٹریٹ نے جمعے کو یوسف رضا گیلانی کی بطور اپوزیشن لیڈر تقرر کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔

یہ تقرری ایسے موقع پر ہوئی ہے جب یوسف رضا گیلانی نے 12 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے نتائج کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ تاہم عدالت نے ان کی درخواست پارلیمانی معاملہ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی تھی۔

جمعے کو پیپلز پارٹی کے وفد نے یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر یوسف رضا گیلانی نے اپنے 30 اپوزیشن ارکان کی حمایت کے ساتھ اپوزیشن لیڈر کے لیے درخواست جمع کرائی۔

بعد ازاں سینیٹ سیکریٹریٹ نے یوسف رضا گیلانی کی قائدِ حزبِ اختلاف تقرری کا نوٹی فکیشن جاری کیا جسے اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

لیگی رہنما احسن اقبال نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ یوسف رضا گیلانی قابلِ احترام ہیں مگر ان سے یہ توقع تھی کہ وہ کوئی یک طرفہ قدم اٹھانے کے بجائے پی ڈی ایم کو ضرور اعتماد میں لیں گے جن کے ووٹوں کے بغیر وہ سینیٹر منتخب نہیں ہو سکتے تھے۔

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست کے لیے یوسف رضا گیلانی کو اپنا متفقہ امیدوار نامزد کیا تھا۔

یوسف رضا گیلانی نے تین مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں اسلام آباد کی نشست پر ایوان میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ کو شکست دی تھی۔

بعدازاں پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کو حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کے مقابلے میں کھڑا کیا۔

بارہ مارچ کو چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے وقت اس وقت تنازع کھڑا ہو گیا تھا جب اپوزیشن جماعتوں کے اُمیدوار یوسف رضا گیلانی کے سات ووٹ مسترد ہونے سے حکومتی اُمیدوار صادق سنجرانی کو غیر متوقع کامیابی ملی تھی۔

XS
SM
MD
LG