رسائی کے لنکس

امریکہ: سفارت کار ولیم برنز سی آئی اے کے ڈائریکٹر نامزد


ولیم برنز، فائل فوٹو
ولیم برنز، فائل فوٹو

امریکہ کے نو منتخب صدر جو بائیڈن نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ پیشہ ور سفارت کار ولیم برنز کو امریکی خفیہ ادارے سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کا ڈائریکٹر نامزد کر رہے ہیں۔

پیر کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں، بائیڈن کی ٹرانزیشن ٹیم کا کہنا تھا کہ ولیم برنز امریکی محکمہ خارجہ میں 33 سال تک ریپبلکن اور ڈیموکریٹ، دونوں جماعتوں سے تعلق رکھنے والے صدور کے دور میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔

برنز، اپنے پیشہ وارانہ سفر کے دوران، صدر بل کلنٹن کے دور میں اردن میں سفیر رہے اور پھر صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں، روس میں سفیر تعینات ہوئے۔ 64 سالہ برنز کو 2011 میں صدر باراک اوباما نے نائب سیکرٹری محکمہ خارجہ تعینات کیا تھا، اور پھر 2014 میں انہوں نے ریٹائر ہونے کے بعد، امریکی تھنک ٹینک کارنیگی اینڈاؤمنٹ فار انٹرنیشنل پیس کی باگ ڈور سنبھال لی۔

ایک بیان میں، نو منتخب صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ برنز کا دو جماعتی تجربہ، اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ وہ انٹیلی جنس میں غیر سیاسی لائحہ عمل اور تناظر کے ساتھ امریکہ کو مزید محفوظ بنائیں گے۔

جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ برنز کے سی آئی اے کے آئندہ ڈائریکٹر ہونے کی وجہ سے امریکی عوام اب زیادہ سکون کی نیند سو سکیں گے۔

ایمبیسیڈر برنز کو اپنی اعلیٰ خدمات کے صلے میں، تین بار پریذیڈینشل ڈِسٹِنگو ایشڈ سروس ایوارڈ اور پینٹا گان اور امریکی انٹیلی جینس کمیونٹی کی جانب سے اعلیٰ ترین سول اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

انہوں نے فلاڈیلفیا میں قائم لا سال یونیورسٹی سے ہسٹری میں بی اے کیا، اور پھر آکسفورڈ یونیورسٹی سے بین الاقوامی امور میں ایم اے اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں حاصل کیں۔

XS
SM
MD
LG