رسائی کے لنکس

دنیا کا آخری سفید نر گینڈا ہلاک ہو گیا


کینیا کے نیشنل پارک کا آخری نر سفید گینیڈا، فائل فوٹو
کینیا کے نیشنل پارک کا آخری نر سفید گینیڈا، فائل فوٹو

دنیا میں باقی رہ جانے والا نایاب سفید نسل کا آخری نرگینڈا کینیا کے ایک نیشنل پارک میں ہلاک ہو گیا۔

نیروبی میں جنگلی حیات کے تحفظ کے ماہرین نے بتایا کہ بڑھاپے کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدگیاں گینڈے کی موت کا سبب بنیں۔

وہ دنیا میں سفید نسل کا آخری نر گینڈا تھا جس نے اپنے پر وقار انداز اور قوت کے اظہار سے نیشنل پارک کی سیاحت کے لیے آنے والے بہت سے سیاحوں کے دل جیتے تھے۔

اول پیجٹا کنزر ویٹری کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سفید فام گینڈا جس کا نام ’سوڈان‘ تھا، ہلاک ہو گیا ہے۔ اس کی عمر 45 سال تھی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کی جسمانی حالت بہت مخدوش ہو گئی تھی اور وہ کھڑا ہونے کے قابل نہیں رہا تھا۔ اس کی پچھلی دائیں ٹانگ پر گہرا انفکشن تھا جس سے اس کے اعصاب اور ہڈیوں کو شدید نقصان پہنچا تھا۔

جنگلی حیات کے ماہرین کئی عشروں سے اس نایاب جانور کی نسل بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ’سوڈان‘ کے مرنے کے بعد اب اس کی دو بیٹیاں دنیا میں باقی رہ گئی ہیں۔ ایک کا نام ناجن اور دوسری کا فاٹو ہے۔

دنیا کا یہ آخری سفید فام گینڈا سوڈان میں پیدا ہوا تھا جس کی بنا پر اس کا نام بھی سوڈان رکھا گیا تھا۔

اسے سوڈان سے جمہوریہ چیک کے ایک چڑیا گھر میں بھیجا گیا تھا اور بعد ازاں سن 2009 میں اسے سفید نسل کے تین گینڈوں کے ساتھ کینیا منتقل کر دیا گیا تھا۔

کینیا کے نیشنل پارک میں مسلح محافظ 24 گھنٹے ان کی حفاظت کرتے تھے اور اسے صحت مند رکھنے کے لیے خصوصی خوراک دی جاتی تھی۔ لیکن سفید نسل کی مادہ گینڈوں کے ساتھ برسوں تک رہنے کے باوجود ان کے ہاں کوئی اور بچہ پیدا نہیں ہو سکا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سفید نسل کے گینڈے کی نسل کو دنیا میں برقرار رکھنے کا اب واحد طریقہ یہ ہے کہ اس کے محفوظ کیے گئے تولیدی جراثوموں کی مدد سے باقی بچ جانے والی مادہ گینڈوں کو مصنوعی طریقے سے بارآور کیا جائے۔

جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک زمانے میں چاڈ، سوڈان، یوگنڈا ، کانگو اور وسطی افریقہ کے علاقوں میں سفید اور سیاہ گینڈوں ایک بڑی تعداد آباد تھی۔ لیکن شکاریوں نے اس کی نسل کو بہت نقصان پہنچایا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ افریقہ میں اندازً 20 ہزار سفید گینڈے موجود تھے لیکن ایک صدی قبل ان کی تعداد گھٹ کر 100 کے لگ بھگ تک محدود ہو گئی تھی اور پھر گھٹتے گھٹتے سوڈان نامی واحد نر گینڈا باقی بچا تھا جو پیر کے روز ضعیف العمری کی پیچیدگیوں کی وجہ سے موت کے منہ میں چلا گیا۔

XS
SM
MD
LG