رسائی کے لنکس

انفراسٹرکچر کی تعمیر میں امریکی ساختہ اشیاء استعمال کی جائیں: وائٹ ہاؤس


صدر بائیڈن کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے سالانہ خطاب کر رہے ہیں۔
صدر بائیڈن کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے سالانہ خطاب کر رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس سرکاری انفرا سٹرکچر منصوبوں میں امریکی ساختہ اشیا کا استعمال بڑھانے کے لیے رہنماء ہدایت نامہ تجویز کر رہا ہے۔

صدر جو بائیڈن نے منگل کو اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں ریاستہائے متحدہ امریکہ کے وفاقی انفرا سٹرکچر کے منصوبوں میں استعمال ہونے والے امریکی ساختہ تعمیراتی مواد کی ضرورت اور اضافے پر زور دیا۔

بائیڈن نے کہا ، ’’جب ہم ان پروجیکٹ پرکام کریں گے تو ہم امریکہ میں بنی ہوئی اشیاء خریدنے کو ترجیح دیں گے۔ یہ مکمل طور پر بین الاقوامی تجارتی اصولوں کے مطابق ہے۔‘‘

بائیڈن نے کہا کہ نئے قوانین امریکی ساختہ لکڑی، شیشے، ڈرائی وال، فائبر آپٹک کیبلز کے استعمال کو یقینی بنائیں گے اورمیں اس بات پر نظر رکھوں گا کہ امریکی سڑکیں، امریکی پل اورامریکی شاہراہوں کی تعمیر میں زیادہ سے زیادہ امریکی مصنوعات استعمال کی جائیں۔

اس سلسلے میں نیا ہدایت نامہ وائٹ ہاؤس کے آفس آف مینجمنٹ اینڈ بجٹ (او ایم بی) نے بدھ کو جاری کیا ہے۔

مجوزہ ہدایت نامہ ملکی اشیاء کے عمدہ معیار پرعمل درآمد کویقینی بنائے گا، جب کہ وفاقی مالیاتی امداد کے انتظام، یقینی نفاذ، شفافیت اور نگرانی کے نظام کو بھی بہتر بنائے گا۔

او ایم بی میں امریکی سامان کی خریداری کی دیکھ بھال کے شعبے کی نگران لیویا شماوونین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد امریکی حکومت کے تحت مزید امریکی سامان کی خریداری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ شماوونین نے مزید کہا کہ او ایم بی کی مجوزہ رہنمائی ریاستہائے متحدہ میں تعمیراتی مواد کی تیاری کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے معیار طے کرتی ہے۔ اس میں پلاسٹک اور پولیمر پر مبنی مصنوعات، شیشہ، آپٹک گلاس، لکڑی اور ڈرائی وال کا استعمال شامل ہے۔

فائل فوٹو
فائل فوٹو

بنیادی ڈھانچے کے قانون نے دائرہ عمل میں نمایاں طور پر توسیع کی ہے تاکہ حکومت کی مالی اعانت سے چلنے والے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں زیادہ امریکی ساختہ لوہے، اسٹیل، تعمیراتی مواد اور تیار کردہ مصنوعات کا استعمال کیا جائے۔

بائیڈن نے اپنا عہدہ سنبھالنے کے ابتدائی دنوں میں ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کیے جس کا مقصد موجودہ امریکی خریداریوں کی دفعات میں خامیوں کو دور کرنا ہے۔ ان کی اطلاق وفاقی حکامت کی دو تہائی خریداری پر ہوگا۔ وفاقی حکومت سالانہ 600 بلین ڈالر کا سامان اورسرسز کی خریداری کرتی ہے۔

او ایم بی اس بارے میں امریکی عوام کی رائے معلوم کر رہا ہے کہ آیا اضافی تعمیراتی مواد میں پینٹ اور لکڑی کی انجینئرڈ مصنوعات کو شامل کیا جائے یا نہیں۔ عوام کے پاس مجوزہ ہدایت نامے پر تبصرہ کرنے کے لیے 30 دن کا وقت ہوگا۔

پچھلے مارچ میں، بائیڈن انتظامیہ نے ملکی مواد کی حد کو بڑھانے کے لیے ضابطے جاری کیے تھے۔

پہلے وفاقی خریداریوں کے لیے میڈ ان امریکہ کے طور پر وہ اشیاء شمار ہوتی تھیں اگر ان کے اجزاء کی قیمت کا 55 فیصد ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں تیار کیا جاتا ہے۔ اب اکتوبر میں اس حد کو بڑھا کر 60فیصد، 2024 میں 65 فیصد ، اور 2029 میں 75 فیصد کر دیا گیا ہے۔

(خبر کا مواد رائٹرز سے لیا گیا )

XS
SM
MD
LG