رسائی کے لنکس

پولیو سے بچاؤ ویکسین نہ پلوانے والے والدین کے وارنٹ گرفتاری


فائل فوٹو
فائل فوٹو

انسداد پولیو ویکسین نہ پلوانے والے والدین کی اکثریت اس پروپیگنڈے سے متاثر ہے کہ یہ ویکسین غیر اسلامی کے علاوہ بچوں کی افزائش نسل کی صلاحیت کو بھی متاثر کرتی ہے۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخواہ کے مرکزی شہر پشاور میں حکام نے درجنوں ایسے افراد کے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے ہیں جو انسداد پولیو مہم میں اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین پلوانے سے انکاری ہیں۔

تاہم ایسی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ انسداد پولیو مہم کے شراکت دار اداروں کی طرف سے والدین کو گرفتار کرنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مہم کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ضلعی انتظامیہ میں شامل عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایسے والدین جو اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلوانے سے انکار کر رہے ہیں وہ چونکہ اپنے بچوں کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہے ہیں لہذا فی الوقت ان کے خلاف نقض امن عامہ کے قانون کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔

پاکستان میں پولیو وائرس کے پھیلاؤ پر تاحال پوری طرح قابو نہیں پایا جا سکا ہے جس کی ایک وجہ والدین کی طرف سے بچوں کو ویکیسن پلوانے سے انکار بھی بتائی جاتی ہے۔

پشاور میں انسداد پولیو مہم سے وابستہ ڈاکٹر محمد شعیب نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وارنٹ جاری کرنے کا مقصد محض والدین کو خبر دار کرنا ہے۔

اس مہم سے وابستہ عہدیداوں کا کہنا ہے کہ والدین کو اس سلسلے میں تعاون کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے مقامی پیش اماموں کے علاوہ عمائدین کو بھی شامل کیا جا رہا ہے۔

انسداد پولیو ویکسین نہ پلوانے والے والدین کی اکثریت اس پروپیگنڈے سے متاثر ہے کہ یہ ویکسین غیر اسلامی کے علاوہ بچوں کی افزائش نسل کی صلاحیت کو بھی متاثر کرتی ہے۔

یہ منفی تاثر خاص طور پر شدت پسندوں کی طرف سے پھیلایا گیا تھا جسے زائل کرنے کے لیے حالیہ برسوں میں خانہ کعبہ کے امام سمیت کئی اہم مذہبی شخصیات کی طرف سے ریکارڈ شدہ پیغامات بھی ذرائع ابلاغ میں نشر کیے گئے جو اس ویکیسن کو کسی بھی طور غیر اسلامی ہونے کی تردید کرتے ہیں۔

صوبائی انسداد پولیو مہم کے عہدیداروں کے مطابق صوبے بھر میں ہر ماہ 30 ہزار سے زائد انسداد پولیو ورکرز 56 لاکھ بچوں کو یہ ویکسین پلاتے ہیں جب کہ ایک لاکھ بچے والدین کی طرف سے انکار یا پھر رسائی نہ ہونے کی وجہ سے قطرے پینے سے رہ جاتے ہیں۔

پاکستانی حکومت کا کہنا ہے کہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے میں اسے قابل ذکر کامیابی حاصل ہو چکی ہے جس میں اس سال کے اواخر تک مزید پیش رفت بھی متوقع ہے۔

پاکستان اور افغانستان دنیا کے دو واحد ملک ہیں جہاں تاحال پولیو وائرس کے پھیلاؤ پر پوری طرح قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

XS
SM
MD
LG