آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں دہشتگردی کے خدشات کے پیش نظر صوبائی حکومت کی جانب سے رضاکاروں کی فورس تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود نے منگل کے روز میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کیلئے ایک فورس بنائی جارہی ہے، جس میں تین لاکھ رضاکار شامل ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے رضاکاروں کی ایک بہت بڑی تعداد اکٹھی کی جا رہی ہے۔
بقول اُن کے، پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، رضاکار فورس صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں دہشتگردی کے خلاف کام کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردوں کے حملے اور بڑی تعداد میں طالبعلموں اور اساتذہ کو نشانہ بنائے جانے کے بعد، ملک کے دیگر حصوں میں بھی تعلیمی اداروں پر دہشتگرد حملوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔