رسائی کے لنکس

کوہلی کو ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 58 رنز درکار


CRICKET-T20-IND-IPL-MUMBAI-BANGALORE
CRICKET-T20-IND-IPL-MUMBAI-BANGALORE

  • وراٹ کوہلی کو انٹرنیشنل کرکٹ میں کم سے کم اننگز میں 27 ہزار رنز بنانے کے لیے صرف 58 رنز درکار ہیں۔
  • اگر کوہلی نے اپنی اگلی آٹھ اننگز میں 58 رنز بنا لیے تو وہ انٹرنیشنل کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں 600 سے کم اننگز میں تیز ترین 27 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کرکٹر بن جائیں گے۔
  • انٹرنیشنل کرکٹ میں 27 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں ٹنڈولکر کے علاوہ رکی پونٹنگ اور کمار سنگاکارا شامل ہیں۔
  • کوہلی بنگلہ دیش کے خلاف 19 ستمبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

ویب ڈیسک _ لٹل ماسٹر کے نام سے مشہور بھارت کے مایہ ناز سابق کرکٹر سچن ٹنڈولکر کا کم اننگز میں 27 ہزار رنز کا ریکارڈ خطرے میں ہے اور یہ ریکارڈ آئندہ چند روز میں ٹوٹنے کا امکان ہے۔

ٹنڈولکر کا یہ ریکارڈ کوئی اور نہیں بھارت کے ہی کھلاڑی وراٹ کوہلی توڑنے والے ہیں جنہیں انٹرنیشنل کرکٹ میں کم سے کم اننگز میں 27 ہزار رنز بنانے کے لیے صرف 58 رنز درکار ہیں۔

سچن ٹنڈولکر نے 623 انٹرنیشنل اننگز میں تیز ترین 27 ہزار رنز مکمل کیے تھے جب کہ کوہلی 591 اننگز میں 26 ہزار 942 رنز بنا چکے ہیں۔ ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے کے لیے کوہلی کے پاس آٹھ اننگز ہیں جس میں انہیں 58 رنز بنانا ہیں۔

اگر کوہلی اپنی اگلی آٹھ اننگز میں 58 رنز بنا لیتے ہیں تو وہ نہ صرف ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ لیں گے بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ میں 600 سے کم اننگز میں تیز ترین 27 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے کرکٹر بن جائیں گے۔

انٹرنیشنل کرکٹ میں 27 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑیوں میں ٹنڈولکر کے علاوہ آسٹریلیا کے مایہ ناز سابق کپتان رکی پونٹنگ اور سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ٹنڈولکر اب بھی کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرکٹر ہیں۔ 1989 میں کریئر کے آغاز سے 2013 میں اختتام تک ٹنڈولکر نے تمام فارمیٹس میں 34 ہزار 357 رنز بنائے ہیں۔

ٹنڈولکر نے 200 ٹیسٹ میچز کی 329 اننگز میں 15 ہزار 921 رنز بنائے جس میں 248 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ شامل ہے جب کہ انہوں نے 463 ون ڈے میچز میں 18 ہزار 426 رنز بنائے ہیں۔ ٹنڈولکر نے اپنے انٹرنیشنل کریئر میں صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا ہے جس میں وہ صرف 10 رنز بنا سکے تھے۔

کرکٹ کے تمام فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں میں دوسرا نام سنگاکارا کا ہے جو 28 ہزار 16 رنز بنا چکے ہیں جب کہ پونٹنگ 27 ہزار 483 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

اسی طرح کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی ٹنڈولکر کے پاس ہے جس کی تعداد 100 ہے جب کہ کوہلی 80 سینچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

تمام فارمیٹس میں ٹنڈولکر کا سینچریوں کا ریکارڑ توڑنے کے لیے 35 سالہ کوہلی کو مزید 20 سینچریاں بنانا ہوں گی۔ لیکن اس کے لیے انہیں کچھ وقت لگ سکتا ہے لیکن فی الوقت انہیں دوسری پوزیشن پر ہی اکتفا کرنا پڑے گا۔ اس فہرست میں پونٹنگ 71 سینچریوں کے ساتھ تیسرے اور سنگاکارا 63 سینچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز 19 ستمبر سے شروع ہو رہی ہے۔ یہ سیریز ایسے موقع پر ہو رہی ہے جب بنگلہ دیش نے حال ہی میں پاکستان کو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

فورم

XS
SM
MD
LG