رسائی کے لنکس

مشرقی امریکہ برفانی طوفان کی زد میں، معمولات زندگی متاثر


نیویارک میں دسمبر کے اواخر میں ہونے والی شدید برفباری کے بعد کا ایک منظر
نیویارک میں دسمبر کے اواخر میں ہونے والی شدید برفباری کے بعد کا ایک منظر

ماہرین موسمیات نے کہا ہے کہ ایک شدید برفانی طوفان امریکہ کے مشرقی علاقوں کی طرف بڑھ رہا ہے جہاں 20 سنٹی میٹر تک برف پڑنے کا امکان ہے۔

اس پیش گوئی کے بعد نا صرف مسافر طیاروں کی متعدد پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا ہے بلکہ سڑکوں پر بھی کار سواروں کو مشکل صورت حال کا سامنا ہے۔ کئی علاقوں سے بجلی کی بندش کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

ان حالات کے پیش نظر بدھ کو دارالحکومت واشنگٹن میں وفاقی اداروں کے ملازمین کو معمول کے دفتری اوقات سے دو گھنٹے قبل گھر لوٹنے کی اجازت دے دی گئی جس کے بعد سڑکوں پر انتہائی رش دیکھنے میں آیا۔ کئی اسکولوں میں بھی طالب عملوں اور عملے کو وقت سے پہلے چھٹی دے دی گئی۔

شمالی مشرقی ریاست پنسلوینیا کے سب سے بڑے شہر فیلے ڈلفیا میں 15 سنٹی میٹر سے زائد برفباری کی پیش گوئی کے بعد ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا گیا جب کے ماہرین موسمیات کے مطابق نیو یارک میں بھی 30 سنٹی میٹر برفباری متوقع ہے اور حکام نے یہاں بھی ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے۔

جنوب مشرقی ریاستوں ٹینیسی اور کینٹکی کے علاوہ شمال مشرقی علاقے نیو انگلینڈ میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

رواں ماہ کے وسط میں بھی موسمی طوفان کے بعد امریکہ کے جنوب مشرقی علاقے شدید سردی کی لپیت میں رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG