رسائی کے لنکس

امریکہ: برفانی طوفان کی شدت کم مگر لاکھوں متاثر


برف کے حالیہ طوفان کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ اس طوفان سے چھ کروڑ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے

امریکہ کی شمال مشرقی ریاستوں میں برف کے طوفان کے باعث لاکھوں لوگ پیر کے روز اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔

برف کے طوفان کے پیش ِنظر فلائیٹ آپریشن معطل کر دیا گیا اور لوگوں کو سڑکوں پر نہ نکلنے کی تاکید کی گئی تھی، کیونکہ پیش گوئی کی گئی تھی کہ برف کا یہ طوفان امریکی تاریخ کے بدترین طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ 2012ء میں بھی ’سینڈی‘ نامی طوفان کی وجہ سے نیو یارک اور نیو جرسی سمیت کئی ریاستوں میں بہت تباہی مچی تھی اور ایمرجنسی کا نفاذ کیا گیا تھا۔

برف کے حالیہ طوفان کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ اس طوفان سے چھ کروڑ افراد کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

مگر امریکی کے محکمہ ِ موسمیات کے ادارے ’این ڈبلیو ایس‘ نے منگل کے روز موسم کے حوالے سے دی جانے والی پیش گوئی میں بتایا کہ برف کے طوفان کی شدت ویسی نہیں ہے، جیسا کہ پہلے پیش گوئی کی گئی تھی۔ مگر ابھی بھی مشرقی ریاستوں میں تین فٹ تک برف پڑ سکتی ہے۔

محکمہ ِموسمیات کا کہنا ہے کہ برف باری تھمنے کے بعد تیز برفیلی ہوائیں چلیں گی۔

اس سے قبل پیر کے روز 7,700 پروازیں معطل کی گئیں اور ان میں سے بہت سی پروازیں بدھ تک نہیں جا سکیں گی۔ سکولز، کاروبار اور حکومتی دفاتر بند رہے۔

پیر کے روز برفانی طوفان کی پیش گوئی کے بعد سپر مارکیٹس میں اشیائے خرد و نوش اس وقت نایاب ہو گئیں جب لوگوں نے برف کے طوفان کے ڈر سے گھروں میں اشیائے ضروری کا ذخیرہ کر لیا۔

XS
SM
MD
LG