رسائی کے لنکس

افغان امن عمل کی حمایت جاری رکھیں گے: پاکستان


پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور امریکی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کی ملاقات
پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور امریکی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کی ملاقات

پاکستان نے افغان امن عمل میں اسلام آباد کی حمایت اور پاک افغان تعلقات میں مثبت پیش رفت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بات پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے امریکہ کی معاون نائب وزیرِ خارجہ ایلس ویلز سے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔

پاکستان کی جانب سے ان خیالات کا اظہار ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان بات چیت جاری ہے اور فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

پاکستان کے دفترِ خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق امریکی اعلیٰ سفارت کار کی پاکستان کے سیکرٹری خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ معاملات سمیت پاک امریکہ تعلقات، اقتصادی شراکت داری اور افغان امن عمل میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں سفارت کاروں کی گفتگو میں اس بات پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار اور وسیع تعلقات سے متعلق دونوں قیادتوں کے نظریات کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری اور مضبوط تجارتی تعلقات اہم ہیں۔

اعلیٰ امریکی سفارت کار سے گفتگو کے دوران پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں، بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مبینہ خلاف ورزیوں کا بھی تذکرہ کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری خارجہ نے جموں و کشمیر کے تنازع کے پر امن حل کے لیے بین الاقوامی برداری کے کردار پر زور دیا۔

امریکی اور پاکستانی اعلیٰ سفارت کاروں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں افغان امن و مصالحت سے متعلق ہونے والی حالیہ پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورۂ سعودی عرب، ایران اور امریکہ کا حوالہ دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے عزم پر قائم ہے۔

دریں اثنا امریکہ کی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز نے پاکستان کے سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کے بعد ایک ٹوئٹ میں کہا کہ علاقائی سلامتی سے متعلق پاک امریکہ تعاون کو وسعت دینے کے مکمل ایجنڈے کے بارے میں تبادلہ خیال ہوا ہے۔

اُن کے بقول، پاکستان اور امریکہ کے درمیان ناصرف باہمی تعلقات بہتر ہوں گے بلکہ پاکستان کے لیے فوجی تربیتی پروگرام کی بحالی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی سامنے آئیں گے۔

اعلیٰ امریکہ سفارت کار ایلس ویلز پاکستان کے چار روزہ دورے پر اتوار کو پاکستان پہنچی تھیں اور اسلام آباد میں قیام کے دوران انہوں نے پاکستان کے اعلیٰ عہدیداروں سمیت پاکستان کے وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ اور پاکستان کے تجارتی امور کے مشیر رزاق داؤد، بعض تحقیقاتی اداروں سے وابستہ دانشوروں اور تجارتی برداری کے رہنماؤں سے بھی ملاقات کی تھی۔

XS
SM
MD
LG