رسائی کے لنکس

امریکہ کی طرف سے پاکستان میں آزادانہ و منصفانہ انتخابات کی حمایت کا اظہار


محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نیوئٹ (فائل فوٹو)
محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نیوئٹ (فائل فوٹو)

امریکہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں صاف و شفاف اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کی حمایت کرتا ہے۔

یہ بات امریکہ کے محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نیوئٹ نے منگل کو معمول کی نیوز بریفنگ کے دوارن پاکستان میں آئندہ عام انتخابات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہی۔ انہوں نے کہا " امریکہ پاکستان میں صاف و شفاف انتخاب کی اسی طور حمایت کرتا ہے جیسا کہ دوسرے ملکوں میں کرتا ہے۔ "

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ دیگر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر پاکستان کے 2017 ء کے تاریخی انتخابی اصلاحات پر عمل درآمد کی حمایت کرتا ہے۔

امریکہ کے محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ "میرا خیال ہے کہ اس نئے قانون کے تحت پہلی بار یہ انتخابات ہو گے۔ ہم یہ توقع کرتے ہیں کہ یہ نیا جامع اور شفاف قانونی فریم ورک ایک جمہوری طور پر منتخب سول حکومت کو پرامن اقتدار کی منتقلی میں مدد دے گا۔ "

پاکستان کی موجودہ حکومت کی مدت 31 مئی کو ختم ہو رہی ہے اور ملک میں آئندہ عام انتخابات 25 جولائی کروانے کا اعلان کیا جا چکا ہے۔ پاکستان الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کے طرف سے متعدد بار عام انتخابات کو صاف و شفاف انداز میں کروانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا جا چکا ہے کہ الیکشن کمیشن آئندہ عام انتخابات کروانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

دوسری طرف حال ہی میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور قائد حزب اختلاف خورشید شاہ پاکستان نے سابق چیف جسٹس ناصر الملک کو ملک کا نگران وزیر اعظم مقرر کرنے پر اتفاق کیا ہے اور انہوں نے نگران وزیر اعظم کو اتفاق رائے سے نامزد کرنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ عام انتخابات صاف و شفا ف طریقے سے کروانے میں کامیاب ہوں گے۔

پاکستان میں الیکشن کروانے کی بنیادی ذمہ داری الیکشن کمیشن کی ہے اور نگران وزیر اعظم آئندہ عام انتخابات تک روزمرہ کے حکومتی امور سرانجام دینے کے ذمہ دار ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG