رسائی کے لنکس

کرم تنگی ڈیم کی تعمیر کے لیے امریکی امداد


سفارت خانے کے بیان کے مطابق کرم تنگی ڈیم منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر کی تکمیل سے سولہ ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی سیراب ہو سکے گی اور اٹھارہ میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہو گی۔

امریکہ نے دہشت گردی سے متاثرہ پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں کرم تنگی ٹیم منصوبے کے پہلے مرحلے کے لیے آٹھ کروڑ 10 لاکھ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس بارے میں ایک دستاویز پر دستخط بدھ کو ایک تقریب میں ہوئے جس کے تحت امریکہ، پاکستان کے پانی و بجلی کے ادارے ’واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا)، کو مالی معاونت فراہم کرے گا۔

امریکی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق سفیر ڈیوڈ ہیل اور وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ آصف نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے اور جس نئے معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں اس سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور لاکھوں پاکستانیوں کی زندگی میں بہتری کے مشترکہ اقدامات کو تقویت ملتی ہے۔

اس معاہدے کے تحت کرم تنگی ڈیم کی تعمیر کے پہلے مرحلے میں کیتو بند بنانے کے لیے رقم فراہم کی جائے گی۔

سفارت خانے کے بیان کے مطابق کرم تنگی ڈیم منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر کی تکمیل سے سولہ ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی سیراب ہو سکے گی اور اٹھارہ میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہو گی۔

جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی محمد جمال الدین نے وائس آف امریکہ سے گفتگو میں کہا کہ کرم تنگی ڈیم کی تعمیر کے بعد نا صرف بڑی تعداد میں بنجر زمین زیر کاشت آئے گی بلکہ اس سے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

رکن قومی اسمبلی محمد جمال الدین نے کہا کہ اس طرح کے منصوبوں سے قبائلی علاقوں میں دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں کو بھی تقویت ملے گی۔

کرم تنگی ڈیم منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت دریائے کیتو پر بند، شیرٹالا اور اسپیراگا نہروں، دو بجلی گھروں، ایک ٹرانسمیشن لائن، تعمیراتی اور آپریشنل اسٹاف کے لیے رہائشی سہولتوں کے علاوہ ڈیم کی تعمیر اور اسے چلانے کی سرگرمیوں کے لیے ایک دفتر کی تعمیر میں اعانت کے لیے واپڈا کو فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ 2009 سے اب تک امریکی حکومت نے پاکستان کے بجلی کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے 53 ارب روپے سے زائد کی سرمایہ کاری کی ہے، جس سے دو کروڑ اسی لاکھ پاکستانی مستفید ہوئے ہیں اور ملک کی نیشنل گرڈ میں دو ہزار چار سو سے زائد میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوا ہے۔

XS
SM
MD
LG