رسائی کے لنکس

صدارتی انتخابی مہم، ڈیموکریٹ اور ری پبلکن امیدوار سرگرم


جنوبی کیرولینا، ٹیڈ کروز خطاب کرتے ہوئے
جنوبی کیرولینا، ٹیڈ کروز خطاب کرتے ہوئے

نیواڈا میں ڈیموکریٹ کاؤکس سے قبل، ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز عوامی نمائندگان کی حمایت کے حصول کی کوششیں کررہے ہیں

ایسے میں جب صدارتی انتخابی مہم میں تیزی آتی جا رہی ہے، دو امریکی ریاستوں میں ووٹر ڈیموکریٹ اور ریپبلیکن امیدواروں کی سبقت کو مزید واضح کر دیں گے، جب جنوبی کیرولینا میں ریپبلیکن پرائمری اور نیواڈا میں ڈیموکریٹک کاؤکس منعقد ہونے والے ہیں۔

ساؤتھ کیرولینا پرائمری سے قبل، میکسیکو اور امریکہ کے درمیان سرحد پر دیوار کھڑی کرنے کے معاملے پر ریپبلیکن پارٹی کے سرکردہ امیدوار، ڈونالڈ ٹرمپ اور پوپ فرینسس کے درمیان بیان بازی سے تنازع پیدا ہوا۔

اس ہفتے دورہٴ میکسیکو کی تکمیل پر روم واپس جاتے ہوئے، پوپ نے بیان دیا تھا کہ پُل تعمیر کرنے کی جگہ دیواریں تعمیر کرنے والا کوئی بھی شخص ’’مسیحی نہیں ہوسکتا’’۔ ٹرمپ نے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی دیوار تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پوپ کے بیان کا جواب دیتے ہوئے، ٹرمپ نے ابتدائی طور پر اِسے ’’نامناسب‘‘ قرار دیا تھا۔ لیکن، بعدازاں جمعرات کو ٹاؤن ہال خطاب میں، جسے ملک بھر کے ٹیلی ویژن چینلز نے نشر کیا، اُن کا کہنا تھا کہ اُن کے دل میں پوپ کے لیے بہت عزت ہے، لیکن عین ممکن ہے کہ پوپ کو میکسیکو میں سرحد پر دیوار کی تعمیر کے بارے میں ’غلط اطلاع‘ دی گئی ہو‘‘۔

ٹاؤن ہال میں شریک ریپبلیکن پارٹی کے دیگر صدارتی امیدواروں نے اس تنازعے کو زیادہ اہمیت نہیں دی۔ اوہائیو کے گورنر، جان کسیچ نے پوپ کے بیان پر تنقید سے احتراز کیا جب کہ فلوریڈا کے سابق گورنر جیب بش نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ٹرمپ کے عقیدے پر سوال اٹھانا مناسب ہوگا۔
بقول بش، ’’اُنھیں پتا ہے کہ اُن کا کیا عقیدہ ہے‘‘۔
ٹاؤن ہال کے میزبانوں نے بھی سنہ 2002میں عراق پر امریکی حملے کی حمایت میں دیے گئے بیان پر ٹرمپ کو چت کرنے کی کوشش کی؛ جس بات پر ٹرمپ نے توجہ دلائی کہ جب سنہ 2003میں مخاصمانہ ماحول پیدا ہوا، تو ’’میں لڑائی کے خلاف تھا‘‘۔ ٹرمپ کو ریپبلیکن پارٹی میں قومی سطح پر اب بھی سبقت حاصل ہے۔

اِس ہفتے، ’کیونی پیک یونیورسٹی‘ کے عوامی جائزے کے مطابق، ٹرمپ کو فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے اپنے قریبی مدِ مقابل امیدوار، مارکو روبیو سے 19 فی صد کے مقابلے میں 39 فی صد کی واضح برتری ہے؛ جس کے بعد ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز کو 18 فی صد تائید حاصل ہے۔ اس ہفتے روبیو کے حق میں جنوبی کیرولینا کی گورنر، نِکی ہیلی نے حمایت کا اعلان کیا ہے۔

سنیٹر کروز اور روبیو ٹاؤن ہال اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ لیکن، جمعرات کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس میں الزام لگایا گیا کہ کروز کی انتخابی مہم نے روبیو کی تصویر کو صدر براک اوباما کی تصویر سے جوڑ کر دکھایا ہے کہ دونوں ہاتھ ملا رہے ہیں۔

روبیو نے جنوبی کیرولینا میں انڈرسن کے مقام پر اخباری نمائندوں سے بات چیت میں کہا ہے کہ یہ تصویر ’’جعلی ہے‘‘ اور کروز کے انتخابی مہم کی جانب سے ’پریشان کُن رویے‘ کی غماز ہے۔ کروز کی انتخابی مہم نے اس الزام کو غلط قرار نہیں دیا۔ برعکس اس کے، اُس نے روبیو اور اوباما کی ایک اور تصویر سماجی میڈیا پر شائع کی ہے۔

ادھر، نیواڈا میں ڈیموکریٹ کاؤکس سے قبل، ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور ورمونٹ کے سینیٹر برنی سینڈرز عوامی نمائندگان کی حمایت کے حصول کی کوششیں کررہے ہیں۔

امیدواروں کی انتخابی مہم چلانے والے نیواڈا کی کثیر نسلی آبادی کو قائل کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جو حلقہٴ انتخاب جیتنے کے ایک کلیدی ٹیسٹ کا درجہ رکھتا ہے۔ یہاں کلنٹن کی انتخابی مہم سینڈرز کے مقابلے میں اقلیت کے ووٹ حاصل کرنے کی سر توڑ جستجو پر رکھی ہے؛ جب کہ سینڈرز نے آئیووا اور نیوہیمپشائر میں کامیابی حاصل کی تھی، جہاں اقلیت سے تعلق رکھنے والی زیادہ آبادی نہیں تھی۔

XS
SM
MD
LG