رسائی کے لنکس

امریکہ میں کون سی قومی تعطیل کب منائی جاتی ہے؟


امریکہ میں آج میموریل ڈے منایا جا رہا ہے اور ملک بھر میں قومی تعطیل ہے۔ اتفاق سے پاکستان میں بھی عید الفطر کی تعطیلات جاری ہیں۔ کرونا وائرس کی وجہ سے بیشتر کاروبار اور دفاتر بند ہیں۔ قومی تعطیل کی اہمیت یوں بھی ہے کہ جن لوگوں نے آج کام کیا، انھیں اوور ٹائم دیا جائے گا۔

پاکستان کی 9 قومی تعطیلات کے مقابلے امریکہ میں ایک سال میں 10 تعطیلات ہوتی ہیں، لیکن فرق یہ ہے کہ پاکستان میں انھیں کھینچ کر 14 کر دیا جاتا ہے جب کہ امریکہ میں 11 واں دن نہیں ملتا۔

پاکستان کی قومی تعطیلات میں 5 فروری کا کشمیر ڈے، 23 مارچ کا یوم پاکستان، یکم مئی کا یوم مزدور، 14 اگست کا یوم آزادی، عید الفطر کے تین دن، عید الاضحیٰ کے تین دن، 9 اور 10 محرم الحرام، عید میلاد النبی اور 25 دسمبر کو قائداعظم کا یوم ولادت اور کرسمس شامل ہیں۔

امریکہ میں صرف چار تعطیلات کی تاریخیں مقرر ہیں۔ 25 دسمبر کو کرسمس، یکم جنوری کو نیا سال، 4 جولائی کو یوم آزادی اور 11 نومبر کو ویٹرنز ڈے منایا جاتا ہے۔ باقی تمام تعطیلات فلوٹنگ منڈے یعنی مقررہ ہفتے میں آنے والے پیر کو ہوتی ہیں۔

ایسے موقع کو لانگ ویک اینڈ کہا جاتا ہے کیونکہ ہفتے اور اتوار کے ساتھ تیسری چھٹی مل جاتی ہے۔ اس مقصد سے 1968 میں ایک قانون منظور کیا گیا اور 1971 سے ان تعطیلات کو ان کی مخصوص تاریخوں سے قریب ترین پیر پر منتقل کر دیا گیا۔

نئے سال پر یکم جنوری کے بعد دوسی قومی تعطیل مارٹن لوتھر کنگ جونئیر کے یوم ولادت کے موقع پر ہوتی ہے۔ انھوں نے 15 جنوری 1929 کو جنم لیا تھا لیکن ان کا دن جنوری کے تیسرے ہفتے میں آنے والے پیر کو منایا جاتا ہے۔

مارٹن لوتھر کنگ جونئیر امریکہ میں شہری حقوق اور نسلی مساوات کے اہم رہنما تھے۔ ان کی تقریر آئی ہیو آ ڈریم یعنی میرا ایک خواب ہے پوری دنیا میں مشہور ہے۔ انھیں 4 اپریل 1968 کو قتل کر دیا گیا تھا۔ مارٹن لوتھر کنگ ڈے پر قومی تعطیل پہلی بار 1986 میں کی گئی تھی۔

تیسری قومی تعطیل امریکہ کے پہلے صدر جارج واشنگٹن کے یوم ولادت کی مناسبت سے ہوتی ہے۔ انھوں نے 22 فروری 1732 کو جنم لیا تھا اور 4 مارچ 1797 کو انتقال کر گئے تھے۔ 1879 میں ایک ایکٹ آف کانگریس کے ذریعے ان کے یوم ولادت 22 فروری کو قومی تعطیل قرار دیا گیا۔ 1971 سے یہ دن فروری کے تیسرے ہفتے میں آنے والے پیر کو منایا جاتا ہے۔

سال کی چوتھی قومی تعطیل میمویل ڈے آج ہے۔ اس کا آغاز 1868 میں ہوا تھا اور اس کا مقصد 19ویں صدی کی خانہ جنگی میں کام آنے والوں کو یاد کرنا تھا۔ لیکن جس طرح پاکستان میں یوم دفاع کو تمام فوجی شہدا کے دن کے طور پر منایا جانے لگا ہے، امریکہ میں بھی میموریل ڈے کو تمام جنگوں میں جان دینے والے فوجیوں کو یاد کرنے دن قرار دیا گیا ہے۔ اس کے لیے پہلے 30 مئی کی تاریخ مقرر تھی لیکن اب یہ دن مئی کے آخری پیر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کو غیر سرکاری طور پر موسم گرما کا آغاز سمجھا جاتا ہے۔

دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں 4 جولائی کو آتش بازی
دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں 4 جولائی کو آتش بازی

امریکہ میں سب سے زیادہ جوش و خروش سے منایا جانے والا دن یوم آزادی ہے۔ 13 ریاستوں نے 4 جولائی 1776 کو برطانوی تسلط سے آزادی کی قرارداد پر دستخط کیے گئے تھے۔ اس دن کو اگلے سال ہی سے منایا جانے لگا تھا، لیکن اسے قومی تعطیل کا درجہ 1941 میں ملا۔

شکاگو کے مزدوروں کی یاد میں پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم مزدور یکم مئی کو منایا جاتا ہے، لیکن جس ملک میں یہ واقعہ ہوا، اس میں یہ دن ستمبر کے پہلے پیر کو منایا جاتا ہے۔ شکاگو کی ہے مارکیٹ کا واقعہ 4 مئی 1886 کو پیش آیا تھا لیکن امریکہ میں یوم مزدور کا اس سے براہ راست تعلق نہیں۔ یہاں یہ دن مزدوروں کی خدمات کے اعتراف میں 1894 سے منایا جا رہا ہے اور اسے غیر سرکاری طور پر موسم خزاں کا آغاز سمجھا جاتا ہے۔

امریکہ میں ایک قومی تعطیل کولمبس ڈے کے نام سے ہوتی ہے جو اکتوبر کے دوسرے پیر کو منائی جاتی ہے۔ یہ کرسٹوفر کولمبس کی ولادت یا وفات سے نہیں بلکہ اس کے امریکہ کو دریافت کرنے سے متعلق ہے۔ اس نے 12 اکتوبر 1492 کو امریکی سرزمین پر قدم رکھا تھا۔ یہ دن 1792 سے منایا جا رہا ہے لیکن پہلی بار قومی تعطیل 1968 کو قرار دی گئی۔ اب امریکہ میں کولمبس کے خلاف جذبات بڑھ رہے ہیں اور اس کے بارے میں رائے بدل رہی ہے اس لیے اسے کولمبس ڈے کے بجائے مقامی لوگوں کا دن کہہ کر منایا جانے لگا ہے۔

میموریل ڈے جنگ میں مارے جانے والے فوجیوں کی یاد میں منایا جاتا ہے لیکن ایک دن سابق فوجیوں کے لیے بھی مخصوص ہے۔ ویٹرنز ڈے کہلانے والا یہ دن 11 نومبر کو منایا جاتا ہے کیونکہ پہلی جنگ عظیم کا اختتام اس تاریخ کو ہوا تھا۔ اگرچہ یہ دن 1919 سے منایا جا رہا ہے لیکن اسے قومی تعطیل کا درجہ 1938 میں ملا۔

تھینکس گیونگ پر صدر ٹرمپ سے جاں بخشی پانے والی ٹرکی
تھینکس گیونگ پر صدر ٹرمپ سے جاں بخشی پانے والی ٹرکی

امریکہ کا ایک خاص تہوار تھینکس گونگ ڈے ہے جو نومبر کی چوتھی جمعرات کو منایا جاتا ہے۔ اس کا آغاز فصلوں کی کٹائی پر ہونے والے میلے سے ہوا تھا اور اس دن ٹرکی ذبح کر کے اس کا ڈنر بنایا جاتا ہے۔ اب تھینکس گونگ سے کرسمس کا شاپنگ سیزن شروع ہوتا ہے اور اس جشن کا سلسلہ نئے سال کی رات تک چلتا ہے۔ یہ دن 1885 کو قومی تعطیل قرار دیا گیا تھا۔

سال کا آخری تہوار کرسمس ہوتا ہے اور 25 دسمبر کو قومی تعطیل منائی جاتی ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ مذہبی تہوار صدیوں سے منایا جا رہا ہے لیکن اسے 1870 میں قومی تعطیل کا درجہ دیا گیا۔ بہت سے لوگ اس سے ایک دن پہلے یا باکسنگ ڈے پر بھی چھٹی کر لیتے ہیں لیکن قومی تعطیل کا صرف ایک دن معین ہے۔

XS
SM
MD
LG