رسائی کے لنکس

’ویٹرنز ڈے‘: سابق فوجیوں کو اعترافی اسنادِ خدمت جاری


اوباما نے کہا کہ ’’ویٹرنز ڈے سخت نوعیت کی سیاسی انتخابی مہم کے بعد آتا ہے، جو آزادی اظہار اور خود مختار حکومت کے لیے جدوجہد ہوتی ہے۔ ایسے میں، اکثر و بیشتر ہمارے ملک بھر میں نااتفاقیاں منظر عام پر آتی ہیں‘‘

کمانڈر اِن چیف کے طور پر آخری ’ویٹرنز ڈے‘ کی تقریب کی صدارت کرتے ہوئے، امریکی صدر براک اوباما نے ملک کے سابق فوجیوں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے ملک کے جمہوری انتخابی عمل کو محفوظ رکھا ہے، جو متنازع انتخابی مہم کے نتیجے میں ڈونالڈ ٹرمپ کی بطور صدر حیران کُن کامیابی کی جانب حوالہ تھا۔

اوباما نے کہا کہ ’’ویٹرنز ڈے سخت نوعیت کی سیاسی انتخابی مہم کے بعد آتا ہے، جو آزادی اظہار اور خود مختار حکومت کے لیے جدوجہد ہوتی ہے۔ ایسے میں، اکثر و بیشتر ہمارے ملک بھر میں نااتفاقیاں منظر عام پر آتی ہیں‘‘۔

ویٹرنز ڈے کے موقعے پر امریکی صدر براک اوباما نے جمعے کے روز ’آرلنگٹن نیشنل سمیٹری‘ میں منعقدہ تقریب میں تقریباً دو کروڑ 20 لاکھ سابقہ فوجیوں کی عزت افزائی کے لیے اسناد قدر دانی تفویض کرنے کا اعلان کیا۔ یہ قومی قبرستان دارالحکومت، واشنگٹن کے جنوب میں واقع ہے۔

اوباما نے نامعلوم سپاہی کے مقبرے پر منعقدہ اِس خصوصی تقریب میں شرکت کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، جو یادگار جان کا نذرانہ پیش کرنے والے نامعلوم سابق فوجیوں کی یاد میں قائم ہے، جنھوں نے نمایاں فوجی خدمات سرانجام دیں۔

اداس یادوں کی اس تقریب کے دوران، اوباما نے کچھ دیر کی خاموشی اختیار کی، اُنھوں نے دائیاں ہاتھ اپنے دل پر رکھا ہوا تھا، ایسے میں جب رسمیہ فوجی ’بگل کال‘ دی گئی۔

اس سے قبل جمعے کی صبح سویرے، صدر نے سابق فوجیوں اور اُن کے اہل خانہ کے لیےوائٹ ہاؤس میں ناشتے کا خصوصی اہتمام کیا۔ بِل موہر اب 108 برس کے ہیں، جنھوں نے جنگ عظیم دوئم میں خدمات انجام دیں۔ وہ بھی اس سالانہ ناشتے کی تقریب میں موجود تھے۔ موہر پنسلوانیا کے شمال مشرقی شہر، اٹبورو میں رہتے ہیں، اور اُنھوں نے ’45ویں انفنٹری ڈویژن‘ میں خدمات انجام دی تھیں۔

اُن کی بیٹی نے بتایا کہ موہر نے فرانس میں ’آپریشن ڈریگون‘ میں حصہ لیا، اور وہ اُس دستے میں شامل تھے جو’ ڈشائو کنسینٹریشن کیمپ‘ کو آزاد کرانے کے لیے جرمنی میں داخل ہوا۔
منتخب امریکی صدر، ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے ’ویٹرنز ڈے‘ کا دِن اپنی نئی انتظامیہ کی تشکیل پر دھیان مرکوز کریں گے۔ جمعے کی صبح اپنے ایک ٹوئیٹ میں، ٹرمپ نے کہا کہ کار سرکار میں اُن کی معاونت کرنے والے اہل کاروں کے حوالے سے ’’نہایت ہی اہم‘‘ فیصلوں کا اعلان بہت ہی جلد کیا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG