سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوترس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کرتارپور راہداری امید کی راہداری ہے۔
اپنے پاکستان کے قیام کے دوسرے روز انہوں نے کرتارپور راہداری کا دورہ کیا۔ گوردوارہ پہنچنے پر پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نور الحق قادری اور پاکستان سکھ گودوارہ پربندھک کمیٹی ممبران نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا استقبال کیا۔ اس موقع پر اُنہیں کرتارپور راہداری کے مکمل منصوبے کا دورہ کرایا گیا اور بریفنگ بھی دی گئی۔
پاکستانی حکام نے سیکرٹری جنرل کو بتایا کہ کرتارپور سکھ برادری کے لیے انتہائی مقدس مقام ہے۔ راہداری کھولنے کا مقصد سکھ برادری کو ان کے مقدس مقام تک با آسانی رسائی دینا ہے۔
اِس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ کرتارپور راہداری پاکستان کی امن دوست خواہش کی عملی مثال ہے۔
بقول ان کے، ’’پاکستان میں حال ہی میں افتتاح کردہ کرتارپور راہداری کا دورہ ایک اعزاز ہے۔ کرتارپور راہداری امید کی راہداری ہے۔ کرتارپور راہداری سکھوں کے دو اہم مذہبی مقامات کو ملاتی ہے۔ یہ بلاشبہ بین المذاہب ہم آہنگی کی علامت ہے۔‘‘
اِس سے قبل انتونیو گوتریس نے اپنے وفد کے ہمراہ لاہور میں مصروف دن گزارا۔ وہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز گئے اور طلبہ سے خطاب میں کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی میں نوجوانوں کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ سیکرٹری جنرل نے لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد دیکھی اور مغل فن تعمیر کی تعریف کی۔ انتونیو گوتریس کو شاہی قلعے کا بھی دورہ کرایا گیا۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے سیکرٹری جنرل کے اعزاز میں شاہی قلعہ میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیا۔