رسائی کے لنکس

آسیہ بی بی کے وکیل کو پاکستان چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا: اقوام متحدہ


اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ آسیہ بی بی کے وکیل سیف الملوک کو پاکستان چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا۔ ان کی درخواست پر انھیں تعاون فراہم کیا تھا۔ ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کسی کو اس کی مرضی کے بغیر پاکستان چھوڑنے پر مجبور نہیں کر سکتی۔

سیف الملوک نے ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ انھیں اقوام متحدہ اور یورپی سفیروں نے ان کی خواہش کے خلاف ملک چھوڑنے پر مجبور کیا۔

سیف الملوک نے گزشتہ روز کہا کہ’’31 اکتوبر کو آسیہ بی بی کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے آدھے گھنٹے بعد ملک بھر میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی تھی۔ سڑکیں بند کی جاچکی تھیں اور معمولات زندگی معطل ہوگئے تھے۔ اس کے بعد اقوام متحدہ اور یورپی سفیروں نے مجھے تین دن تک اپنے پاس رکھا اور پھر میری خواہش کے خلاف زبردستی جہاز میں بٹھا کر بیرون ملک روانہ کردیا۔ میں نے اصرار کیا تھا کہ میں آسیہ بی بی کی جیل سے رہائی سے پہلے ملک نہیں چھوڑنا چاہتا‘‘۔

سیف الملوک نے انکشاف کیا تھا کہ وہ آسیہ بی بی کو پاکستان سے باہر لے جانے اور کسی ملک میں سیاسی پناہ کی کوششیں کر رہے تھے۔ لیکن، اقوام متحدہ کے حکام نے ان سے کہا کہ یہ کام وہ کریں گے۔ جیسے ہی آسیہ بی بی جیل سے باہر آئیں گی، ان کے بیرون ملک جانے کے تمام انتظامات مکمل ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG