رسائی کے لنکس

طالبان عہدیداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس ویریفائیڈ ہونے پر تنقید کے بعد بلیو ٹک 'غائب'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغانستان میں طالبان حکومت کے دو عہدیداروں کے ٹوئٹر اکاؤنٹس ویریفائیڈ ہونے کی خبریں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پرشدید تنقید کی جا رہی تھی۔ لیکن اب ان طالبان عہدیداروں کے بلیو ٹک 'غائب' ہو گئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے 'دی گارڈین' کی رپورٹ کے مطابق طالبان حکومت کے محکمہ اطلاعات تک رسائی کے سربراہ ہدایت اللہ ہدایت اور ذرائع ابلاغ کے سینئر عہدیدار عبدالحق حماد کا ٹوئٹر اکاؤنٹ پیر تک ویریفائیڈ تھا۔

طالبان کے دونوں عہدیداروں کے اکاؤنٹس پر فالوررز کی تعداد بالترتیب ایک لاکھ 87 ہزار اور ایک لاکھ 70 ہزار ہے۔

رپورٹ کے مطابق ہدایت اللہ ہدایت طالبان انتظامیہ کے امور سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر معلومات شیئر کرتے رہتے ہیں۔

اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے 'بی بی سی' نے پیر کو رپورٹ کیا تھا کہ طالبان کے مذکورہ دونوں عہدیداروں نے کامیابی کے ساتھ ٹوئٹر کا بلیو ٹک حاصل کر لیا ہے۔

طالبان عہدیداروں کو ٹوئٹر کا بلیو ٹک ملنے کی خبریں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے تحفظات کا اظہار کیا تھا جن کا کہنا تھا کہ طالبان کا دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق ان کی تاریخ رہی ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین کی شدید تنقید کے بعد منگل کو طالبان کے دونوں عہدیداروں کے بلیو ٹک ختم ہو گئے ہیں۔ تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ ٹوئٹر نے طالبان عہدیداروں کے بلیو ٹک ختم کیے ہیں یا انہوں نے خود ہی بلیو ٹک ختم کر دیے۔

طالبان اپنے پیغامات لوگوں تک پہنچانے کے لیے طویل عرصے سے ٹوئٹر کا استعمال کر رہے ہیں لیکن انہیں کبھی ٹوئٹر کا ویریفکیشن ٹک نہیں ملا تھا۔

'بی بی سی' کے مطابق طالبان اہلکار کے طور پر پہچانے جانے والے محمد جلال نے پیر کو اپنی ایک پوسٹ میں ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک کی تعریف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ "ایلون مسک ٹوئٹر کو دوبارہ سے عظیم بنا رہے ہیں۔"

ٹوئٹر کا ویریفکیشن بلیو ٹک پہلے مستند اکاؤنٹس، عوامی مفاد کے لیے فعال اور قابلِ ذکر شخصیات کو ملتا تھا۔ لیکن ٹوئٹر نے گزشتہ برس دسمبر میں اپنی پالیسی میں تبدیلی لاتے ہوئے آٹھ ڈالر ماہانہ کی ادائیگی کے بعد صارفین کو ٹوئٹر بلیو ٹک دینا شروع کر دیا تھا۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ طالبان کے مذکورہ دونوں رہنماؤں نے ٹوئٹر کو ماہانہ ادائیگی کے بعد بلیو ٹک حاصل کیا تھا۔

ٹوئٹر کی موجودہ پالیسی کے مطابق مستند صارفین کو بلیو ٹک دیا جاتا ہے جب کہ بزنس اکاؤنٹس کے لیے گولڈ اور سرکاری آفیشلز اور دیگر حکام کے لیے سرمائی ٹک مختص ہے۔

XS
SM
MD
LG