رسائی کے لنکس

ترک فوج شام کے صوبے ادلب میں داخل، چوکیاں قائم


شام کی سرحد کے اندر موجود ترک فورسز
شام کی سرحد کے اندر موجود ترک فورسز

اپنے بیان میں ترک فوج نے کہا ہے کہ شام میں اس کی فورسز ان قواعد کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں جو ایران اور روس کے ساتھ طے پائے تھے۔

ترکی نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فوجی دستے شام کے صوبے ادلب میں داخل ہوگئے ہیں جہاں انہوں نے چوکیوں کی تعمیر شروع کردی ہے۔

جمعے کو ترک فوج کی جانب سے جاری ایک اعلان میں کہا گیا ہے کہ ادلب میں اس کا آپریشن روس اور ایران کے ساتھ ہونے والے اس معاہدہ کا حصہ ہے جو گزشتہ ماہ قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں طے پایا تھا۔

ترکی، ایران اور روس کے مابین طے پانے والے معاہدے کا مقصد شام کی حکومت اور حکومت مخالف باغیوں کے درمیان لڑائی روکنا اور جنگ بندی پر عمل درآمد کرانا ہے۔

بیان کے مطابق اس کارروائی میں ترک فوج کو ادلب میں سرگرم ان باغی گروہوں کی مدد بھی حاصل ہے جن کی ترکی حمایت کرتا رہا ہے۔

تاہم مبصرین کے مطابق ترک فوج کی تعیناتی کا ایک مقصد شامی کرد ملیشیا 'وائی پی جے' کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھنا ہے جو ادلب سے متصل علاقے عفرین پر قابض ہے۔

اپنے بیان میں ترک فوج نے کہا ہے کہ شام میں اس کی فورسز ان قواعد کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں جو ایران اور روس کے ساتھ طے پائے تھے۔

شامی باغیوں کی تنظیم 'فری سیرین آرمی' کے ایک کمانڈر مصطفی سجاری نے کہا ہے کہ ترک فوج کی تعیناتی کا مقصد علاقے میں روسی اور شامی حکومت کی بمباری کوروکنا اور کرد ملیشیا کی جانب سے مزید علاقے پر قبضے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانا ہے۔

شامی باغیوں کے مطابق ترک فوج کی لگ بھگ 30 گاڑیاں جمعرات کی شام باب الھویٰ کے سرحدی راستے سے شام کے شمال مغربی صوبے ادلب میں داخل ہوئی ہیں۔ یہ علاقہ شامی باغیوں کے زیرِ قبضہ ہے۔

باغیوں کے مطابق ترک فوجی دستے کی منزل شیخ برکات نامی پہاڑی علاقہ ہے جہاں سے باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں اور کرد ملیشیا 'وائی پی جے' کے زیرِ انتظام عفرین کے علاقے پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔

شام میں خانہ جنگی کے آغاز سے ہی ترکی صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف لڑنے والے باغیوں کا سرگرم حمایتی رہا ہے۔

لیکن گزشتہ برس سے ترکی کی تمام تر توجہ اپنی سرحدوں کو شام میں سرگرم جہادی تنظیموں اور کرد ملیشیا سے محفوظ بنانے پر مرکوز ہے جو ترکی کی سرحد کے ساتھ واقع شامی علاقوں کے ایک بڑے حصے پر قابض ہیں۔

XS
SM
MD
LG