رسائی کے لنکس

ترکیہ کی اسرائیلی کارروائیوں کے لبنانی سرحد تک ممکنہ 'پھیلاؤ' پر تنقید


جنوبئ لبنان کے ایک گاؤں خیام میں اسرائیلی بمباری کے بعد کا منظر ، فوٹو اے ایف پی 23 جون 2024
جنوبئ لبنان کے ایک گاؤں خیام میں اسرائیلی بمباری کے بعد کا منظر ، فوٹو اے ایف پی 23 جون 2024
  • ترک صدر رجب طیب ایردوان کی لبنان کی سرحد تک اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے ممکنہ 'پھیلاؤ' پر تنقید۔
  • نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کے خلاف لڑائی کا "شدید مرحلہ" جلد ہی ختم ہو جائے گا اور اسرائیلی فوجیں شمالی سرحد پر دوبارہ تعینات ہوں گی۔
  • امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو بتایا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان شدید تنازع علاقائی جنگ کا سبب بن سکتا ہے ۔

ترک صدر رجب طیب ایردوان نے بدھ کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ان منصوبوں پر تنقید کی جنہیں انہوں نے غزہ میں "جنگ کو خطے میں پھیلانے" کے منصوبے قرار دیا ۔

ایردوان نے قانون سازوں کو بتایا کہ "اسرائیل اب اپنی نگاہیں لبنان پر جمارہا ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ پس پردہ مغربی طاقتیں اسرائیل کی حوصلہ افزائی کر رہی ہیں اور حتیٰ کہ ان کی حمایت بھی کر رہی ہیں۔"

نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ میں حماس کے خلاف لڑائی کا "شدید مرحلہ" جلد ہی ختم ہو جائے گا اور اسرائیلی فوجیں شمالی سرحد پر دوبارہ تعینات ہوں گی جہاں اسرائیل اور لبنان میں قائم عسکری گروپ حزب اللہ کے درمیان مہینوں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ نیتن یاہو نے اس تبدیلی کو دفاعی قرار دیا ہے۔

امریکی عہدے داروں نے اپنی مخالفت کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کو ایسے اقدامات کے خلاف انتباہ کیا جو تنازعے کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتےہیں ۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کو بتایا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان شدید تنازع علاقائی جنگ کا سبب بن سکتا ہے ۔

آسٹن نے منگل کو جب گیلنٹ کے ساتھ مذاکرا ت کی میزبانی کی تو سفارتی حل پر زور دیا ۔

آسٹن نے کہا کہ،’’ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک اور جنگ آسانی سے ایک علاقائی جنگ بن سکتی ہے جس کے مشرق وسطیٰ کےلیے خوفناک نتائج بر آمد ہو سکتے ہیں۔‘‘

انہوں نےمزید کہا کہ ،’’سفارت کاری ہی مزید کشیدگی کو روکنے کا بہترین راستہ ہے ۔‘

امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کا پینٹگان میں خیر مقدم کرتے ہوئے ، فوٹو رائٹرز 25 جون 2024
امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کا پینٹگان میں خیر مقدم کرتے ہوئے ، فوٹو رائٹرز 25 جون 2024

گیلینٹ نے میٹنگ سےقبل آسٹن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’’ ہم کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے قریبی طور پر کام کر رہے ہیں لیکن ہمیں ہر ممکنہ منظر نامے کے لیے تیار رہنے پر بھی گفتگو کرنی چاہیے ۔‘‘

اسرائیل کی فوج نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ اس کے پاس حزب اللہ اسے لڑائی کے لیے منظور شدہ اور تصدیق شدہ منصوبے موجود ہیں ۔

امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے بھی پیرکے روز جب گیلینٹ سے ملاقات کی تو اسرائیل پر کشیدگی سے اجتناب کرنے پر زور دیا

امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اور اسرائیلی وزیر دفاع، تل ابیب میں ، فائل فوٹو، 16 اکتوبر 2023
امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن اور اسرائیلی وزیر دفاع، تل ابیب میں ، فائل فوٹو، 16 اکتوبر 2023

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان آخری مکمل سطح کی لڑائی 2006 میں اس وقت ہوئی تھی جب حزب اللہ کے ایک سرحد پار حملے سے وہ 34 روزہ لڑائی شروع ہوئی جس میں لبنان کو بھاری جانی نقصان ہو ا خاص طور پر ملک کے جنوبی علاقے میں ۔

گیلینٹ نے سی آئی اے کے چیف ،بل برنز سے بھی ملاقات کی جو حماس سے یرغمالوں کی رہائی سے متعلق مذاکرات کے ایک کلیدی امریکی عہدے دار ہیں.

غزہ میں جنگ اسرائیل پر حماس کے حملے سے شروع ہوئی تھی جس میں اسرائیلی حکام کے مطابق 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے اور تقریباً 250 کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

علاقے کی وزارت صحت کے مطابق، غزہ میں اسرائیل کی جوابی کارروائی میں 37,600 سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں، لیکن ان میں ہزاروں جنگجو بھی شامل ہیں۔

اس رپورٹ کے لیے مواداے پی ، اے ایف پی اور رائٹرز سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG