رسائی کے لنکس

ٹرمپ نے آئیووا کا ریپبلیکن کاکس نمایاں برتری سے جیت لیا


سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ائیووا میں ریپبلیکن پارٹی کے کاکس میں 51 فی صد ووٹ لے کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔ 15 جنوری 2024
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ائیووا میں ریپبلیکن پارٹی کے کاکس میں 51 فی صد ووٹ لے کر نمایاں کامیابی حاصل کی۔ 15 جنوری 2024

سابق امریکی صدر ٹرمپ نے پیر کی رات ریاست آئیووا میں ری پبلیکن پارٹی کا پہلا کاکس جیت لیا ہے۔ مختلف مقامات پر ہونے والے اس طرح کے سیاسی اجتماعات کے ذریعے پارٹی کی جانب سے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیداوار کی نامزدگی کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔

حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے صدر جو بائیڈن اپنے عہدے کی دوسری مدت کے لیے نومبر میں ہونے والے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ ریپبلیکن پارٹی کاکسس کے ذریعے ایسے امیداوار کو نامزد کرے گی جسے پارٹی میں سب سے زیادہ قبولیت حاصل ہو گی۔

آئیوا کاکس میں ڈونلڈٹرمپ نے نصف سے زیادہ یعنی تقریباً 51 فی صد ووٹ حاصل کیے۔ فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹیس 21 فی صد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے جب کہ جنوبی کیرولائنا کی گورنر نکی ہیلی نے تقریباً 19 فی صد ووٹ حاصل کیے اور وہ اس دوڑ میں تیسرے نمبر پر رہیں۔

آئیووا کے صدر مقام ڈیس موئنز میں اپنی فتح کی تقریر کرتے ہوئے ٹرمپ نے اس کامیابی کو ایک ناقابل یقین تجربہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ 12 فی صد کے فرق سے بھی جیتے ہیں تو وہ ایک بڑی جیت ہوتی ہے۔ اور میرا خیال ہے کہ یہ فرق دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔

فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹیس آئیووا کاکسس میں تقریر کر رہے ہیں۔ وہ 21 فی صد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سینٹیس آئیووا کاکسس میں تقریر کر رہے ہیں۔ وہ 21 فی صد ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

نامزدگی کا عمل

نامزدگی کے پورے عمل کے دوران امیدوار جس گنتی پر نظر رکھتے ہیں وہ ڈیلیگیٹس کی تعداد ہے۔ ہر ریاست میں ووٹوں کی تعداد یہ تعین کرتی ہے کہ امیدوار کو کتنے ڈیلیگیٹس ملیں گے۔ نامزدگی حاصل کرنے کے لیے 1215 ڈیلیگیٹس درکار ہوتے ہیں۔

2024 کے صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلیکن پارٹی نے 2429 ڈیلیگیٹس طے کیے ہیں۔ ہر ریاست میں آبادی کے لحاظ سے ڈیلیگیٹس کی تعداد مختلف ہے۔ آئیووا کے لیے 40 ڈیلیگیٹس ہیں۔

آئیووا کے کاکس میں ٹرمپ کے حصے میں 20 ڈیلیگیٹس آئے ہیں جب کہ ڈی سینٹیس نے 8 اور ہیلی نے 7 ڈیلیگیٹس جیتے ہیں۔

جنوبی کیرولائنا کی گورنر نکی ہیلی آئیووا کاکسس میں صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے مقابلے میں شریک ہیں۔ انہوں نے 19 فی صد ووٹ حاصل کیے اور تیسرے درجے پر رہیں۔ 15 جنوری 2024
جنوبی کیرولائنا کی گورنر نکی ہیلی آئیووا کاکسس میں صدارتی نامزدگی حاصل کرنے کے مقابلے میں شریک ہیں۔ انہوں نے 19 فی صد ووٹ حاصل کیے اور تیسرے درجے پر رہیں۔ 15 جنوری 2024

پہلے تین نمبر پر آنے والے امیدواروں نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ صدارتی نامزدگی جیتنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

یہ میدان اگلے ہفتے نیو ہیمپشائر میں جمے گااور فروری کے آخر میں ساؤتھ کیرولائنا میں پرائمری مقابلہ ہو گا۔

ڈی سینٹیس نے اپنی تقریر میں خود کو ملک کے مستقبل کی امید کے طور پر پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس ملک کے لیے بہت سے کام کرنے ہیں اور اگلے صدر کے طور پر وہ یہ کام کرنے جا رہے ہیں۔

ہیلی نے اپنے حامیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ قدامت پسند قیادت میں ایک نئی نسل کی نمائندہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بہتر پرفارمنس دے رہے ہیں اور نیوہیمپشائر اور ساؤتھ کیرولائنا میں بھی اچھی کارکردگی کامظاہرہ کریں گے۔

امریکی صدارتی انتخابات میں آئیوا کاکس کی تاریخی اہمیت کیا ہے؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:02:27 0:00

ماہرین کیا کہتے ہیں؟

زیادہ تر سیاسی تجزیہ کاروں اور انتخابات کی صورت حال پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہےکہ نومبر کا انتخاب متوقع طور پر دو معمر سیاست دانوں 77 سالہ ٹرمپ اور 81 سالہ بائیڈن کے درمیان ہو گا۔

ٹرمپ کو اس وقت چار الزامات اور مقدمات کا سامنا ہے۔ ان پر کئی درجن مزید الزامات بھی ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید کچھ معاملات سامنے آسکتے ہیں، جن میں سے ایک اہم مقدمے کی سماعت 4 مارچ کو واشنگٹن میں ہو گی۔

یہ مقدمہ جنوری 2021 میں ٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے بائیڈن کی صدارتی توثیق رکوانے کے لیے کیپٹل ہل پر حملے کا ہے ۔ تاہم ٹرمپ اس حملے میں اپنے کسی کردار سے انکار کرتے ہیں۔

(اس رپورٹ کے لیے کچھ مواد ایسوسی ایٹڈ پریس اور رائٹرز سے لیا گیا ہے)

فورم

XS
SM
MD
LG