رسائی کے لنکس

جوہری ہتھیار کم کرنے کے لیے روس اور چین کے ساتھ مذاکرات کریں گے: صدر ٹرمپ


  • ہمارے پاس نئے جوہری ہتھیار بنانے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ہمارے پاس یہ پہلے سے ہی بہت ہیں، صدر ٹرمپ
  • مشرقِ وسطیٰ اور یوکرین میں معاملات درست کرنے کے بعد روس اور چین کے ساتھ جوہری مذاکرات شروع کریں گے، صدر ٹرمپ
  • ہم سب جوہری ہتھیاروں پر بہت زیادہ پیسہ خرچ کر رہے ہیں جو دیگر چیزوں پر خرچ کر سکتے ہیں، صدر ٹرمپ

ویب ڈیسک -- امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روس اور چین کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنے دفاعی بجٹ کو نصف کرنے پر متفق ہو جائیں گے۔

جمعرات کو اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے جوہری ڈیٹرنٹ کے نئے منصوبوں پر اربوں ڈالرز لگانے پر افسوس کا اظہار کیا۔

صدر کا کہنا تھا کہ وہ امریکہ کے حریف ممالک سے بھی وعدہ لیں گے کہ وہ بھی اپنے اخراجات میں کمی لائیں۔

صدر ٹرمپ کے بقول "ہمارے پاس نئے جوہری ہتھیار بنانے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ ہمارے پاس یہ پہلے سے ہی بہت ہیں۔ آپ دنیا کو 50 بار، 100 بار تباہ کر سکتے ہیں اور پھر بھی ہم نئے جوہری ہتھیار بنا رہے ہیں اور وہ [حریف ممالک] جوہری ہتھیار بنا رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "ہم سب بہت زیادہ پیسہ خرچ کر رہے ہیں جو ہم دوسری چیزوں پر خرچ کر سکتے ہیں جو حقیقت میں امید ہے کہ بہت زیادہ فائدہ مند ہیں۔"

سرد جنگ کے بعد سے امریکہ اور روس نے بڑے پیمانے پر جوہری ہتھیاروں کے ذخائر بنا رکھے ہیں۔ صدر ٹرمپ کے مطابق چین بھی' پانچ سے چھ برس' میں اسی تعداد کے جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ بنا لے گا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ مشرقِ وسطیٰ اور یوکرین میں معاملات درست کرنے کے بعد روس اور چین کے ساتھ جوہری مذاکرات شروع کریں گے۔

ان کے بقول "چین کے صدر شی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پوٹن سے پہلی ملاقاتوں میں اُن سے کہوں گا کہ آئیے اپنا ملٹری بجٹ نصف کرتے ہیں اور ہم یہ کر سکتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم اس قابل ہو جائیں گے۔"

صدر ٹرمپ نے اپنی پہلی مدتِ صدارت کے دوران چین کو جوہری مذاکرات کی جانب لانے کی کوشش کی تھی۔ یہ وہ وقت تھا جب امریکہ اور روس جوہری اسلحے میں کمی لانے کے معاہدے 'ری اسٹارٹ' کی میعاد بڑھنے پر مذاکرات کر رہے تھے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG