امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے صدارتی انتخابات میں ان کی طرف سے لگائے گئے مبینہ دھاندلی کے الزامات کے حق میں احتجاج کیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے غیر حتمی نتائج کے مطابق اپنے حریف جو بائیڈن کو 270 سے زائد الیکٹورل ووٹ ملنے کے بعد ابھی تک انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کیا۔
صدر ٹرمپ کے حامیوں کا واشنگٹن ڈی سی میں احتجاج

1
ہفتے کو صدر کی حامی لگ بھگ ایک درجن تنظیموں اور گروپس نے دارالحکومت میں احتجاج کی کال دی تھی جس میں شرکت کے لیے ملک کے مختلف حصوں سے لوگ دارالحکومت میں جمع ہوئے۔

2
ہفتے کو واشنگٹن ڈی سی میں احتجاج سے لگ بھگ دو گھنٹے قبل صدر ٹرمپ اپنے قافلے کے ہمراہ دارالحکومت کی مرکزی شاہراہ پینسلوینیا ایونیو سے گزرے اور وہاں موجود مظاہرین کو دیکھ کر مسکرائے اور انہیں ہاتھ ہلایا۔

3
بعد ازاں صدر کا قافلہ واشنگٹن ڈی سی کے نواح میں موجود ان کے ذاتی گالف کلب روانہ ہو گیا جہاں انہوں نے اطلاعات کے مطابق گالف کھیلی۔

4
امریکی نشریاتی ادارے 'فوکس نیوز' کے مطابق گالف کلب سے وائٹ ہاؤس واپسی پر صدر ٹرمپ ایک بار پھر اپنے حامیوں کے درمیان سے گزرے جنہوں نے صدر کو دیکھ کر ان کے حق میں نعرے بازی کی۔