امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی دفتر میں اپنے آخری روز ایک الوداعی ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہوں نے نو منتخب صدر جو بائیڈن کا نام لیے بغیر اُن کے لیے 'نیک تمناؤں' کا اظہار کیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ اس ہفتے نئی انتظامیہ اپنے عہدے کا حلف اٹھائے گی اور ہم ان کے لیے دعا کرتے ہیں کہ وہ امریکہ کو محفوظ اور خوش حال بنانے میں کامیاب ہو۔
وائٹ ہاؤس نے صدر ٹرمپ کی صدارتی دفتر میں چار سالہ مدت مکمل ہونے سے 20 گھنٹے قبل یہ ویڈیو یوٹیوب پر ریلیز کی۔
ویڈیو میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ "ہم نئی انتظامیہ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی قسمت ساتھ دے۔" اُن کے بقول یہ ایک انتہائی اہم لفظ ہے۔
ٹرمپ نے امریکہ کی معیشت کا کریڈٹ خود کو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کی تاریخ میں عظیم ترین معیشت کو متشکل کیا۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ پہلے صدر ہیں جنہوں نے کسی نئی جنگ کا آغاز نہیں کیا۔
صدر ٹرمپ نومنتخب صدر جو بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت نہیں کریں گے اور وہ ایسا کر کے امریکہ کی سیاسی روایات کو توڑ رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اب تک انتخابات میں کامیابی پر جو بائیڈن کو مبارک باد بھی نہیں دی اور وہ کوئی ثبوت فراہم کیے بغیر تین نومبر 2020 کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگاتے رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ کی غیر موجودگی میں نائب صدر مائیک پینس نو منتخب صدر جو بائیڈن کی تقریبِ حلف برداری میں شریک ہوں گے۔
بدھ کی دوپہر کیپٹل کمپلیکس میں منعقدہ تقریب میں جو بائیڈن ملک کے 46 ویں صدر کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف لیں گے جس کے 15 منٹ بعد نائب صدر کاملا ہیرس حلف اٹھائیں گی۔
سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر تقریب کے مقام کے اطراف خاردار تاریں لگائی گئی ہیں جب کہ ہزاروں سیکیورٹی اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہیں۔