رسائی کے لنکس

'امریکہ ہیری اور میگھن کے سیکیورٹی اخراجات برداشت نہیں کرے گا'


فائل فوٹو
فائل فوٹو

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا ہے کہ امریکہ، برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن کے سیکیورٹی اخراجات برداشت نہیں کرے گا۔

فرانس کے خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ پیغام برطانوی جوڑے کے امریکی ریاست کیلی فورنیا میں منتقلی کی خبروں کی تصدیق کے بعد دیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ "میں خود کو ملکہ اور برطانیہ کا اچھا دوست اور مداح سمجھتا ہوں۔ اطلاعات تھیں کہ ہیری اور میگھن مستقل طور پر کینیڈا میں رہائش اختیار کریں گے۔ اب وہ کینیڈا چھوڑ کر امریکہ منتقل ہو گئے ہیں۔"'

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ اُن کے سیکیورٹی اخراجات ہرگز برداشت نہیں کرے گا، یہ اخراجات ہیری اور میگھن کو ہی ادا کرنا ہوں گے۔

کرونا وائرس کی وجہ سے امریکہ، کینیڈا سرحد بند ہونے کے سبب برطانوی شاہی جوڑا نجی جہاز کے ذریعے کینیڈا سے امریکی شہر لاس اینجلس منتقل ہوا ہے۔

شہزادہ ہیری اور میگھن مرکل گزشتہ کئی ہفتوں سے کینیڈا میں مقیم تھے۔ انہوں نے رواں سال کے آغاز پر شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے خود مختار زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس فیصلے کو شہزادے ہیری کی خواہشں سمجھتے ہوئے ملکہ برطانیہ نے ان کی شاہی حیثیت ختم کی تھی اور انہیں اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی اجازت دی تھی۔

اس کے بعد شاہی جوڑا کینیڈا منتقل ہوگیا تھا۔ جبکہ اب وہ کیلی فورنیا میں مستقبل طور پر سکونت اختیار کرنے کے خواہش مند ہیں۔

میگھن مرکل کا بچپن امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں ہی گزرا ہے۔ جب کہ ان کی والدہ ڈوریا راگلینڈ اب بھی اسی شہر میں مقیم ہیں۔

میگھن فلموں میں اداکاری بھی کرچکی ہیں اور اس شہر میں ان کے دوستوں کا ایک وسیع حلقہ بھی موجود ہے۔ وہ ان سے رابطے میں ہیں اور شاید انہی کی مدد سے دوبارہ اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کریں۔

ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس 31 مارچ کو باضابطہ طور پر شاہی فرائض سے دست بردار ہو جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG