رسائی کے لنکس

پاکستان اور بھارت کی صورتِ حال انتہائی خطرناک ہے: ٹرمپ


فائل
فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت پاکستان کے مابین جاری تناؤ کو ’’بہت ہی خطرناک‘‘ قرار دیتے ہوئے، کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ اس بات کا خواہاں ہے کہ ’’کشیدگی ختم ہو‘‘؛ اور یہ کہ، اُن کی انتظامیہ ’’دونوں ملکوں سے رابطے میں ہے‘‘۔

اُنھوں نے یہ بات جمعے کے روز وائٹ ہاؤس میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کے جواب میں کہی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’’ہم چاہتے ہیں کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کم ہو‘‘، جب کہ، ’’دونوں ملکوں کے درمیان صورت حال بہت ہی خراب ہے‘‘۔

پلوامہ میں بھارتی فوج کے خلاف مہلک حملے کے بارے میں ایک سوال پر، اُنھوں نے کہا کہ ’’بہت سارے لوگ مارے گئے ہیں‘‘۔ اُنھوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ صورت حال بہتر ہو۔

امریکی صدر نے کہا کہ ’’جو کچھ ہوا ہے، اس وقت بھارت اور پاکستان کے درمیان بہت سارے مسائل ہیں‘‘۔

گذشتہ ہفتے بھارتی زیر انتظام کشمیر کے شہر پلوامہ میں ہونے والے حملے میں کم ازکم 42 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے۔

امریکہ اور پاکستان کے تعلقات کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات ’’کم وقت میں بہت بہتر ہوئے ہیں‘‘۔

پاکستانی حکام سے ملاقاتوں کے بارے میں، امریکی صدر نے کہا کہ ’’اس کا امکان ہے‘‘۔

اس سے قبل، افغان امن عمل کے حوالے سے امریکی ایلچی برائے افغان مفاہمت، سفیر زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ بات چیت میں پاکستان کا کردار ’’بہت اہم ہے‘‘۔

طالبان کے نمائندے 25 فروری کو قطر میں خصوصی امریکی ایلچی، خلیل زاد سے مذاکرات کا اگلا دور کرنے والے ہیں۔

XS
SM
MD
LG