رسائی کے لنکس

امریکی یوم آزادی پر صدر ٹرمپ کا خطاب


صدر ٹرمپ امریکی یوم آزادی پر قوم سے خطاب کرنے کیلئے سابق صدر ابراہیم لنکن کی یادگار پر
صدر ٹرمپ امریکی یوم آزادی پر قوم سے خطاب کرنے کیلئے سابق صدر ابراہیم لنکن کی یادگار پر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ کے یوم آزادی کے موقع پر لنکن میموریل پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور کہا کہ آج کے دن ہم اپنی تاریخ، اپنے لوگوں اور مسلح افواج کے ان دلیر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کر رہے ہیں جو ہمارے پرچم کا دفاع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب سے 243 سال پہلے کی طرح امریکی آزادی کے مستقبل کا انحصار ان فوجیوں کا مرہون منت ہے جو وطن کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے تیار رہتے ہیں۔

امریکی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے ان تین فوجی اہلکاروں کا بطور خاص ذکر کیا جنہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں کانگریشنل میڈل آف آنر کا اعزاز دیا گیا ہے۔ انہوں نے امریکی نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ فوج میں شامل ہو کر ملک کیلئے خدمات انجام دیں اور یوں اپنی زندگی کو بامقصد بنائیں۔

انہوں نے امریکہ کی عظمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب سے 243 سال پہلے ملک کے بانیوں نے ملک کی آزادی کیلئے اپنی زندگیاں وقف کر دیں اور اس طرح امریکہ نے اپنے عظیم سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی لوگ آزادی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور یہ آزادی امریکیوں سے کوئی نہیں چھین سکتا۔

صدر ٹرمپ نے متعدد سابق صدور اور امریکی رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی اور محنت کی وجہ سے آج امریکہ دنیا کا طاقتور ترین ملک ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں غلامی کے خاتمے، تمام لوگوں کیلئے آزادی کی تحریک اور خواتین کو ووٹ کا حق دئے جانے سمیت امریکی تاریخ کے مختلف سنگہائے میل کا ذکر کیا۔ انہوں نے امریکی ایجادات اور سائنسی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اب امریکیوں کیلئے کوئی چیز ناممکن نہیں رہی۔

صدر ٹرمپ نے امریکی خلانورد نیل آرمسٹرونگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چاند پر امریکی پرچم لہرایا اور اب وہ دن دور نہیں جب امریکی خلانورد مریخ پر بھی امریکی پرچم لہرائیں گے۔

صدر ٹرمپ نے امریکی مسلح افواج کے تمام شعبوں کا فرداً فرداً ذکر کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی سپرٹ کبھی ماند نہیں پڑے گی اور امریکہ کا مستقبل روشن رہے گا۔

صدر ٹرمپ کی تقریر کے دوران امریکی مسلح افواج کے طیاروں کا مارچ پاسٹ جاری رہا۔

XS
SM
MD
LG