- نیویارک سٹی میں ایک شخص نے تین افراد پر، بلا اشتعال چاقو سے وار کرکے 2 کو ہلاک اور ایک کو شدید زخمی کر دیا۔
- پولیس نے تیسرے حملے کے بعد اس شخص کو گرفتار کر لیا۔
- پولیس نے حملہ میں استعمال ہونے والے مشتبہ ہتھیار، ایک بڑے، خون آلود چاقو کی تصویر جاری کی ہے۔
- حملہ آور ذہنی مریض ہے اور پہلے آٹھ بار گرفتار ہو چکا ہے۔
پیر کے روز نیویارک سٹی میں ایک شخص نے تین افراد پر، بلا اشتعال چاقو سے وار کرکے انہیں ہلاک اور زخمی کر دیا۔پولیس اور شہر کے میئر نے بتایا کہ ان حملوں میں2 افراد ہلاک اور ایک خاتون شدید زخمی ہو ئی ہے۔
پولیس نے حملے میں استعمال ہونے والے مشتبہ ہتھیار، باورچی خانے میں استعمال کے ایک بڑے، خون آلود چاقو کی تصویر جاری کی ہے، لیکن ابھی تک اس نے ان تین حملوں کے کسی ممکنہ محرک کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے ایک میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ دو افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے، اور ایک زخمی خاتون اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس واقعے میں"ہم نے ایک شخص کو حراست میں لیاہے اور ہم مزید کسی اور مشتبہ شخص کو تلاش نہیں کر رہے۔"
پولیس نے بتایا کہ مشتبہ شخص نے سب سے پہلے شہر کے مغرب میں مین ہیٹن کے چیلسی کے علاقے میں صبح 8:22 بجے کے قریب ایک زیر تعمیرعمارت کے باہر ایک شخص پر حملہ کیا۔
شدید زخمی ہونے والا 36 سالہ شخص بعد میں انتقال کر گیا۔
حملہ آور نے اس کے دو گھنٹے بعد شہر کے باہر، مشرقی دریا پر مچھلیاں پکڑنے والے ایک شخص پر حملہ کیا، جس سے 68 سالہ شخص موقع پر ہلاک ہو گیا۔
اپنے تیسرے حملے میں مشتبہ شخص نے صبح 10:55 پر، اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کے قریب ایک 36 سالہ خاتون پر حملہ کیا۔ وہ نازک حالت میں شہر کے ایک اسپتال میں ہیں۔
پولیس کے مطابق مشتبہ شخص 51 سال کا ہے، جسے اس سے قبل آٹھ بار گرفتارکیا جاچکا ہے، اسے اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کےقریب سے گرفتار کیا گیا تھا جہاں وہ باورچی خانے کے دو چاقوؤں سے مسلح تھا۔
سراغ رساں اس بات کا تعین کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ چھرا گھونپنے کے واقعات کے درمیان کیا تعلق ہے اور اس حملے کا محرک کیا تھا۔
حملہ آور اپنے شکار بے ترتیب طور پر چنتا دکھائی دیتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف آف ڈیٹیکٹیوز جو کینی نے کہا کہ "وہ بس ان لوگوں کے پاس آیا اور چاقوؤں سے ان پر وار کرنا شروع کر دیا۔"
حقیقی سوال یہ ہے کہ وہ سڑک پر کیوں تھا؟
مشتبہ شخص کے اس سے پہلے آٹھ مرتبہ گرفتار ہونے پر بات کرتے ہوئے میئر ایرک ایڈمز نے کہا کہ "ایک حقیقی سوال یہ ہے کہ وہ سڑک پر کیوں تھا۔"
میئر نے کہا کہ خیال کیا جاتا ہے کہ مشتبہ شخص کو ذہنی صحت کے شدید مسائل ہیں۔ ایک اوبر ڈرائیور نے اسے چھرا گھونپتےدیکھا اور پولیس کو کال کی۔
ایڈمز نے کہا کہ ڈرائیور کی فوری کارروائی مشتبہ شخص کی گرفتاری کا باعث بنی اور ممکنہ طور پر مزید تشدد کو روکا گیا۔
یہ رپورٹ اے ایف پی اور میڈیا کی اطلاعات پر مبنی ہے۔
فورم