رسائی کے لنکس

کراچی میں ملک کی بلند ترین عمارت کا باقاعدہ افتتاح


گو کہ ابھی زیر تعمیر ہے، لیکن اسی دوران، اس عمارت کی بدولت اس کا تمام اطرافی علاقہ یکسر بدل گیا ہے۔ نئی سڑکیں، بل کھاتے بڑے بڑے پل، انڈر پاس، فٹ پاتھ گلیاں، پولز اور پیدل چلنے والے تک کے لئے بھی جدید راہداریاں بنادی گئی ہیں

کراچی میں جمعے کو ملک کی بلند ترین 62 منزلہ جدید ترین عمارت کا باقاعدہ افتتاح ہوا۔ اپنی تراش خراش، اسٹائل اور جدیدیت کی بدولت دنیا بھر میں یہ عمارت شہر کی انمٹ پہچان بنے گی۔ اسی خیال کے تحت اسے بحریہ ٹاوٴن ’آئیکون‘ کا نام دیا گیا ہے۔

عمارت کی 41منزلیں تعمیر ہوچکی ہیں، جبکہ باقی 18پرکام جاری ہے۔ یہ ’آئیکون‘ اپارٹمنٹس، کارپوریٹ دفاتر اور شاپنگ مال کا مجموعہ ہے۔

کلفٹن کے ساحل پر عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے بہت قریب شاہراہِ فردوسی پر قائم یہ عمارت شہر کا پینارامک ویو پیش کرے گی۔ بحریہ ٹاوٴن کی انتظامیہ اور پراجیکٹ ڈائریکٹ،ر جان ایش کرافٹ کا کہنا ہے کہ عمارت جدید طرزِ رہائش ورلڈ کلاس بزنس سہولیات اور تفریح کے بے شمار دلچسپ مواقع لئے ہوئے ہے۔

جمعہ کے روز میڈیا سے گفتگو میں بحریہ ٹاوٴن کے سربراہ ملک ریاض کا کہنا تھا، ”بحریہ ٹاوٴن میں جہاں اور بہت ساری سہولیات ہیں، وہیں اس کا الیکٹرک بیک اپ کمال کا ہے۔ گزشتہ روز لاہور اور راولپنڈی سمیت ملک کے کئی شہر بجلی جانے کی وجہ سے اندھیرے میں ڈوبے رہے لیکن بحریہ ٹاوٴن روشن رہا ۔یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔“

عمارت گو کہ ابھی زیر تعمیر ہے، لیکن تعمیر کے دوران ہی اس عمارت کی بدولت اس کا تمام اطرافی علاقہ یکسر بدل گیا ہے۔ نئی سڑکیں، بل کھاتے بڑے بڑے پل، انڈر پاس، فٹ پاتھ، گلیاں، پول اور پیدل چلنے والے تک کے لئے بھی جدید راہداریاں بنادی گئی ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری معلومات کے مطابق 1اعشاریہ8 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری سے تعمیر کردہ فلائی اوور اور انڈر پاس پروجیکٹ کو نہ صرف دورِحاضر بلکہ مستقبل کی نسلوں کو بھی ٹریفک کے مسائل سے نمٹنے کیلئے ناگزیر سہولتیں فراہم ہوں گی۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر، جان ایش کرافٹ کے مطابق، ملک کی سب سے بلند عمارت کا ڈیزائن جدید ترین آرکیٹیکچر کا نمونہ ہے۔ اس کے ٹاپ فلور پر قائم ہونے والا ریسٹورنٹ ملک کا بلند ترین ریسٹورانٹ ہوگا، جبکہ ایک بلند ترین ٹیریسڈ ریسٹورانٹ بھی اس کا حصہ ہے۔

XS
SM
MD
LG