رسائی کے لنکس

افغانستان: غیرملکی سیاحوں پر فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

  • مسلح افراد نے جمعے کو بامیان شہر میں غیر ملکی سیاحوں اور ان کے گائیڈز کو نشانہ بنایا تھا۔
  • فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے جن میں تین ہسپانوی سیاح بھی شامل ہیں، افغان وزارتِ داخلہ
  • سفارت کاروں کا ایک وفد متاثرہ شہریوں کی دیکھ بھال کے لیے کابل روانہ ہو رہا ہے، اسپین
  • غیر ملکی سیاحوں پر فائرنگ کی اب تک کسی بھی گروپ نے ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

ویب ڈیسک طالبان حکومت نے کہا ہے کہ بامیان شہر میں غیر ملکی سیاحوں پر فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔

افغانستان کی وزارتِ داخلہ کے ترجمان عبدالمتین قانی نے جمعے کو ایک ویڈیو بیان میں بتایا تھا کہ مسلح افراد نے بامیان شہر میں سیاحوں اور ان کے گائیڈز کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں تین افغان شہری ہلاک جب کہ چار غیر ملکی اور تین مقامی افراد زخمی ہوئے۔

افغان حکومت نے مذکورہ حملے سے متعلق ہفتے کو جاری ایک بیان میں بتایا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے جن میں تین ہسپانوی سیاح بھی شامل ہیں۔

اسپین کی حکومت نے افغانستان میں اپنے شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ ایک ہسپانوی شہری اس وقت زخمی بھی ہے۔

اسپین کی وزارتِ خارجہ نے ہفتے کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ سفارت کاروں کا ایک وفد متاثرہ شہریوں کی دیکھ بھال کے لیے کابل روانہ ہو رہا ہے۔

ہسپانوی وزیرِ اعظم پیڈرو سینچیز نے سماجی رابطے کی سائٹ 'ایکس' پر جمعے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں ہسپانوی سیاحوں کے قتل کی خبر سن کر انہیں صدمہ ہوا ہے۔

افغانستان میں غیر ملکی سیاحوں پر فائرنگ کی اب تک کسی بھی گروپ نے ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG