رسائی کے لنکس

فائل فوٹو
فائل فوٹو

طالبان امریکہ کے ساتھ تعلقات کی نئی شروعات چاہتے ہیں، ترجمان سہیل شاہین

سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ "ہم نئی شروعات چاہتے ہیں۔ اب یہ امریکہ پر منحصر ہے کہ وہ ہمارے ساتھ کام کرے گے یا نہیں۔ وہ افغانستان میں غربت کے خاتمے، تعلیم کے شعبے، اور افغانستان کے بنیادی ڈھانچے کو کھڑا کرنے میں مدد کرتا ہے یا نہیں۔

08:45 27.8.2021

کابل ایئرپورٹ دھماکے پر دنیا بھر سے مذمتی بیانات کا سلسلہ جاری

کابل ایئرپورٹ پر دو دھماکوں میں 13 امریکی اہلکاروں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
کابل ایئرپورٹ پر دو دھماکوں میں 13 امریکی اہلکاروں سمیت درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

کابل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والے دھماکوں کی اقوام متحدہ، امریکہ، برطانیہ اور پاکستان سمیت دنیا بھر کے رہنماؤں نے مذمت کی ہے اور اپنے پیغامات میں افغانستان سے محفوظ انخلا کے عمل کو تیز تر بنانے پر زور دیا ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اس حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کو ہمدردی اور تعزیت کا پیغام دیتا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان نے ایک پیغام میں کہا کہ ادارے کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کابل کی صورتِ حال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ سیکریٹری جنرل نے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کو تعزیت کا پیغام دیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیے

04:26 27.8.2021

داعش (خراسان) کو دہشت گردی کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی، بائیڈن

صدر جو بائیڈن
صدر جو بائیڈن

صدر جو بائیڈن نے کہا ہےکہ انخلا کا امریکی مشن جاری رہے گا، اور دہشت گردی کی کوئی کارروائی ہمارے عزم کو کسی صورت متزلزل نہیں کر سکتی۔ ساتھ ہی، امریکی صدر نے کہا کہ ہم داعش (خراسان) کو شکست دے کر رہیں گے، اور اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس سے ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے، صدر نے کہا کہ اگر سر زمین پر موجود ملٹری کمانڈروں نے مزید فوج بھیجنے کی سفارش کی، ''تو میں یقینی طور اس کی اجازت دے دوں گا''۔

12 امریکی فوجیوں کی ہلاکت پر جن کی تعداد اب بڑھ کر 13 ہو گئی ہے، صدر نے تعزیت کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی؛ اور آزادی اور امریکی اصولوں کو سربلند رکھنے کی خاطر اور ملک کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے کے عزم کا دلیری سے مظاہرہ کرنے پر صدر نے ان ''ہیروز'' کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

جو بائیڈن نے کہا کہ وہ امریکی شہریوں اور اتحادیوں کے انخلا کے فیصلے پر قائم ہیں، اور اسے 31 اگست تک مکمل کرنے کی کوشش جاری رکھی جائے گی۔

مزید تفصیلات

04:18 27.8.2021

طالبان نے کابل ایئرپورٹ کے انتظام کے لیے ترکی سے مدد مانگ لی، ترک عہدے دار

کابل ایئرپورٹ سے لوگوں کا انخلا کیا جا رہا ہے۔ 21 اگست 2021
کابل ایئرپورٹ سے لوگوں کا انخلا کیا جا رہا ہے۔ 21 اگست 2021

طالبان نے ترکی سے کہا ہے کہ غیر ملکی فورسز کے ملک سے چلے جانے کے بعد کابل ائیرپورٹ کے انتظام کے لئے انہیں ترکی کی مدد درکار ہو گی۔ تاہم، دو ترک عہدیداروں نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ طالبان کا اصرار ہے کہ انقرہ کی فوج کو بھی 31 اگست کی آخری مدت کے بعد مکمل طور پر ملک سے جانا ہو گا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ،انقرہ کو یہ مشکل فیصلہ کرنا ہے کہ آیا وہ 20 برس بعد کابل پر دوبارہ قابض ہونے والے طالبان کی جانب سے اس خطرناک کام کی انجام دہی کی حامی بھرے یا نہیں۔

مسلم اکثریت کا ملک ترکی افغانستان میں نیٹو مشن کا حصہ رہا ہے اور اب بھی اس کے سینکڑوں فوجی کابل ائیر پورٹ پر موجود ہیں۔ تاہم عہدیدار نے کہا کہ وہ انتہائی کم مدت کے نوٹس پر انخلاء کر سکتے ہیں۔ لیکن طیب اردوان کی حکومت مہینوں یہ بھی کہہ چکی ہے کہ اگر درخواست کی گئی تو فورسز وہاں موجود رہ سکتی ہیں۔

طالبان کے افغانستان پر کنٹرول کے بعد ترکی ائیر پورٹ کے لئے تیکنیکی اور سیکیورٹی کی مدد کی پیش کش کر چکا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اگر ترک فوجی افغانستان سے چلے گئے تو کیا ترکی یہ مدد فراہم کرنے کی حامی بھرے گا۔

مزید تفصیلات

01:50 27.8.2021

کابل ایئرپورٹ حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 60 ہو گئی

زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔ 26 اگست 2021
زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔ 26 اگست 2021

کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب جمعرات کو ہونے والے دو بم دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 60 ہو گئی ہے، جن امریکی فوجی اور وہ افغان شہری بھی شامل تھے جو بیرون ملک جانے کے لیے وہاں جمع تھے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک رپورٹ میں ایک افغان عہدے دارے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس حملے میں کم ازکم 143 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

امریکی فوجی کے سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل فرینک مک کینزی نے پنٹاگان میں ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 12 امریک فوجی بھی شامل ہیں جن میں سے 11 کا تعلق میرین اور ایک کا نیوی کے طبی عملے سے ہے۔ جب کہ 15 فوجی زخمی بھی ہوئے ۔

دو خودکش بمباروں اور مسلح افراد نے جمعرات کو افغانستان کے دارالحکومت کابل کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب حملہ کیا جہاں اس وقت ملک سے باہر جانے والوں کا ہجوم تھا۔

امریکہ کے وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے امریکی ایوان کی اسپیلر نینسی پیلوسی کو کابل ایئرپورٹ پر حملے کے بعد ٹیلی فون پر بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے 12 کا تعلق امریکی فوج سے ہے جن میں سے 11 میرین اور ایک نیوی کے طبی عملے کا رکن ہے۔ پیلوسی نے ہاؤس کی ری پبلیکن قیادت کی جانب سے تنقید اور ایوان کا اجلاس بلانے کے مطالبے کو مسترد کر دیا۔

پیلوسی کے ترجمان ڈریو ہیمل نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ اس وقت امریکی ہیرو ایک انتہائی خطرناک انخلا کے عمل کو سرانجام دینے کے لیے اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور اپنی زندگیاں خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

تازہ ترین واقعات پر غور کے لیے صدر بائیڈن نے سیکیورٹی پر مامور عہدیداران سے ملاقات کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک بیان میں مطابق، ''صدر کو دن بھر صورت حال سے متعلق بریف کیا جاتا رہے گا''۔

اسلامک اسٹیٹ (داعش) نے اپنی ویب سائٹ عماق میں کابل ایئرپورٹ حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک شخص کے گرد لوگ جمع ہیں۔ 26 اگست 2021
دھماکے میں زخمی ہونے والے ایک شخص کے گرد لوگ جمع ہیں۔ 26 اگست 2021

دھماکے کے بعد کابل میں امریکی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ ''امریکی شہریوں کو ایئرپورٹ اور ہوائی اڈے کے گیٹس کی جانب جانے سے احتراز کرنا چاہیے۔ وہ لوگ جو ایبی گیٹ، ایسٹ گیٹ یا نارتھ گیٹ پر موجود ہیں انھیں فوری طور پر وہاں سے چلے جانا چاہیے''۔

دھماکوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو کابل کے ایمرجنسی اسپتال منتقل کیا گیا ہے جسے ایک بین الاقوامی غیر سرکار ی ادارے کی مدد سے چلایا جا تا ہے، اس اسپتال میں لڑائی اور بارودی سرنگوں کی زد میں آنے والوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ افغان خبروں کے اداروں نے ویل چیئر پر سوار زخمی افراد کو دکھایا جنھیں ان کے رشتے دار اسپتال لے جار رہے تھے۔

ایئرپورٹ کے قریب کے اس علاقے میں دھماکے کے مقام کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 26 اگست 2021
ایئرپورٹ کے قریب کے اس علاقے میں دھماکے کے مقام کی نشاندہی کی گئی ہے۔ 26 اگست 2021

بدھ کے روز امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے اس بات کا اعادہ کیا کہ امریکہ کو افغانستان میں موجود دولت اسلامیہ سے منسلک ایک دھڑے کی جانب سے ممکنہ خدشات لاحق ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ سے اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ ''اس معاملےکی پیچیدہ نوعیت اور امکانی خطر ے کو بیان کرنا مشکل ہے۔ ہم شہر اور ملک میں دشمنی کے سے ماحول میں کام انجام دے رہے ہیں، جس پر ان دنوں طالبان کا کنٹرول ہے۔ اور وہاں دولت اسلامیہ (خوراسان) کی جانب سے حملے کا تقریباً حقیقی امکان موجود ہے۔ ہم ہر طرح کی پیشگی احتیاط برت رہے ہیں، لیکن معاملہ انتہائی شدید نوعیت کا ہے''۔

اس سے قبل پینٹاگان کے ذرائع نے بتایا تھا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں عام شہری اور امریکی فوج کے ارکان بھی شامل ہیں۔

امریکہ کے محکمۂ دفاع پینٹاگان کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والے دھماکے میں امریکیوں سمیت افغان باشندے ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔

مقامی ٹی وی چیلنز نے سوشل میڈیا پر دھماکوں میں زخمی ہونے والوں کو اسپتال لے جاتے ہوئے دکھایا ہے۔

طالبان کی جانب سے حملے سے متعلق ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلامی امارت کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے بم حملے کی شدید مذمت کرتی ہے، جو اس علاقے میں ہوا جہاں کی سیکیورٹی امریکی افواج کے پاس ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ''اسلامی امارت" اپنے عوام کی سیکیورٹی اور تحفظ پر بہت توجہ دے رہی ہے اور شیطانی عزائم رکھنے والے حلقوں سے سختی سے نمٹا جائے گا''۔

ادھر طالبان ترجمان، ذبیح اللہ مجاہد نے پشتو زبان میں اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہے کہ یہ حملہ اس علاقے میں ہوا جہاں امریکی اہلکار چھان بین کے فرائض انجام دے رہے تھےجب کہ وہ علاقہ جس کی حفاظت طالبان کر رہے ہیں وہاں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق روسی حکام نے کم از کم تیرا افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

مقامی صحافی طاہر خان نے جو کابل کے ایک اسپتال کے باہر موجود تھے ، وائس آف امریکہ کی نامہ نگار عائشہ تنظیم کو ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے دیکھا ہے کہ بیسیوں زخمیوں کو اسپتال لایا گیا ہے۔

کابل میں دھماکے: صحافی نے ہسپتال کے باہر کیا دیکھا؟
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:46 0:00

کئی مغربی ملکوں نے دن کے آغاز پر انتباہ کر دیا تھا کہ کابل کے ہوائی اڈے پر حملے کا امکان ہے۔ قیاس تھا کہ یہ حملہ اسلامک اسٹیٹ گروپ (داعش) کی جانب سے لوگوں کے ہجوم پر کیا جائے گا، جب کہ طالبان جنگجو لوگوں کو کنٹرول کرنے کے لیے ایئرپورٹ کے دروازوں پر تعینات ہیں۔

بدھ کی شام امریکی سفارت خانے نے ہوائی اڈے کے تین داخلی دروازوں پر موجود لوگوں کو انتباہ کیا تھا کہ سیکیورٹی سے متعلق خطرے کے پیش نظر وہ فوری طور پر وہاں سے چلے جائیں۔

پاکستان میں غیرملکیوں کے لیے انتظامات

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے ایازگل نے بتایا ہے کہ حکام نے وفاقی دارالحکومت میں ہوٹلوں کی انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ جمعے سے کم ازکم اگلے تین ہفتوں کے لیے اپنے ہاں کمروں کی بکنگ اور ریزرویشن روک دیں اور انہیں حکومت کی صوابدید پر رکھ دیں تاکہ افغانستان سے فوری طور پر نکلنے والے ہزاروں غیرملکیوں کو رہائش مہیا کی جا سکے۔ یہ ڈائریکٹو کابل ایئرپورٹ پر ہلاکت خیز حملے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔

ایک اور ڈائریکٹو میں دارالحکومت میں تمام مارکیوز(تقریبات کے لیے بڑی خیمہ گاہیں) کو بھی یہی احکامات جا ری کیے گئے ہیں۔

سٹرک کے راستے کابل سے پشاور 6 گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ جب کہ پشاور سے اسلام آباد پہنچنے کے لیے مزید 2 گھنٹے لگتے ہیں۔

پاکستان اس وقت تین ہزار سے زیادہ غیر ملکیوں کی میزبانی کر رہا ہے جو کابل سے طیاروں یا سٹرک کے ذریعے انخلا کے بعد پاکستان پہنچے ہیں۔

امریکہ کے صدر جوبائیڈن کہہ چکے ہیں کہ 31 اگست تک افغانستان سے انخلا کا عمل مکمل ہو جائے گا جس کے ساتھ ہی امریکہ کی تاریخ کی طویل ترین جنگ ختم ہو جائے گی۔

کچھ مغربی ملک چاہتے ہیں کہ31 اگست کی ڈیڈ لائن کو کچھ آگے بڑھا دیا جائے تاکہ ان تمام لوگوں کو ملک سے باہر نکالا جا سکے جو افغانستان چھوڑنے کے خواہش مند ہیں۔ تاہم طالبان نے کہا ہے کہ وہ 31 اگست کی ڈیڈ لائن میں اضافے کی اجازت نہیں دیں گے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG