رسائی کے لنکس

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے درمیان سیمی فائنل کے لیے دلچسپ مقابلہ


  • ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ گروپ ٹو میں شامل ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور امریکہ کی ٹیمیں اپنے دو، دو میچز کھیل چکی ہیں۔
  • گروپ ٹو میں سے دو ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے میں جائیں گی اور اگلے مرحلے کے لیے تین ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہے۔
  • انگلینڈ اور امریکہ کی ٹیمیں اتوار کو مدِ مقابل ہوں گی جب کہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان پیر کو میچ کھیلا جانا ہے۔
  • اگر جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی تو افریقی ٹیم سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لے گی۔
  • امریکہ کی ٹیم دونوں میچز میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔

ویب ڈیسک ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں شامل ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں اور اس مرحلے سے ایک ٹیم آؤٹ ہو گئی ہے۔

ورلڈ کپ کی میزبان امریکہ کی ٹیم گروپ 'ٹو' میں شامل ہے جو اپنے دونوں میچز میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔

گروپ 'ٹو' میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے دونوں مشترکہ میزبان امریکہ اور ویسٹ انڈیز کے علاوہ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں شامل ہیں اور تمام ٹیمیں اپنے دو، دو میچز کھیل چکی ہیں۔

اس گروپ میں جنوبی افریقہ اپنے دونوں میچز میں کامیابی کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایک، ایک میچ جیت کر دو، دو پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔

گروپ 'ٹو' میں سے دو ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے میں جائیں گی اور اگلے مرحلے کے لیے تینوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہے۔

انگلینڈ اور امریکہ کی ٹیمیں اتوار کو مدِ مقابل ہوں گی جب کہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان پیر کو میچ کھیلا جانا ہے۔

اگر انگلینڈ نے امریکہ کے خلاف کامیابی حاصل کر لی تو اس کے چار پوائنٹس ہو جائیں گے اور اسے پیر کو ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے میچ کے نتیجے اور رن ریٹ پر انحصار کرنا ہو گا۔

اگر جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دی تو افریقی ٹیم باآسانی سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لے گی۔ اگر ایسا نہ ہوا تو ویسٹ انڈیز کی کامیابی کی صورت میں اس کے پوائنٹس چار ہو جائیں گے اور پھر سیمی فائنل کا فیصلہ دونوں ٹیموں کے رن ریٹ کی بنیاد پر ہو گا۔

اس لیے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے نہ صرف تینوں ٹیموں کو اپنے اگلے میچز لازمی جیتنا ہوں گے بلکہ رن ریٹ بھی بہتر بنانا ہو گا۔

گروپ ون کی کیا صورتِ حال ہے؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 'ون' میں بھارت، آسٹریلیا، افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہیں اور چاروں ٹیموں نے اب تک صرف ایک، ایک میچ ہی کھیلا ہے۔

آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیمیں اپنے اپنے میچ جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں جب کہ افغانستان کا تیسرا اور بنگلہ دیش کا چوتھا نمبر ہے۔

گروپ 'ون' میں چاروں ٹیموں کے پاس سیمی فائنل میں جگہ بنانے کا موقع ہے۔ اس گروپ میں سے بھی دو ٹیمیں اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کریں گی۔

ایونٹ کا فائنل 29 جون کو ویسٹ انڈیز کے برج ٹاؤن شہر میں کھیلا جائے گا۔

فورم

XS
SM
MD
LG