رسائی کے لنکس

کیلی فورنیا میں فائرنگ سے 11 افراد ہلاک؛ حملہ آور نے خود کشی کر لی


حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کا مقصد ابھی واضح نہیں ہو سکا ہے۔
حکام کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کا مقصد ابھی واضح نہیں ہو سکا ہے۔

امریکہ کی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس میں فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے جب کہ مسلح حملہ آور نے خود کشی کر لی ہے۔ پولیس نے مشتبہ ملزم کی لاش اسی وین سے برآمد کی جس میں فائرنگ کے واقعے کے بعد وہ فرار ہوا تھا۔

لاس اینجلس کاؤنٹی کے شیرف رابرٹ لونا نے کہا ہے کہ جب پولیس ملزم کو گرفتار کرنے پہنچی تو اس نے گولی مار کر خود کو ہلاک کر لیا۔ ملزم ہو کین ٹرین کی عمر 72 برس تھی اور اس شخص کے علاوہ پولیس حکام کو کسی پر شبہ نہیں ہے۔

رابرٹ لونا کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کا مقصد ابھی واضح نہیں ہو سکا ہے۔

فائرنگ میں نیم خودکار پستول استعمال ہونے کا شبہ ہے۔ ملزم کی وین سے بھی ایک پستول برآمد ہوا ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ ہفتے کو لاس اینجلس کے علاقے مونٹیری پارک میں پیش آیا تھا جہاں ایک مسلح شخص نے ڈانس کلب میں فائرنگ کر کے 10 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ بعد ازاں پیر کو حکام نے بتایا کہ زخمی ہونے والے افراد میں سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا اور اس فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

ہلاک ہونے والوں میں پانچ مرد اور پانچ خواتین شامل تھیں جن میں سے بیشتر کی عمر 50 سے 60 برس کے درمیان تھی۔ اس کے علاوہ 10 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

لاس اینجلس کے اس علاقے میں ایشیائی نژاد لوگوں کی اکثریت ہے۔ کلب میں اس وقت نئے قمری سال کا جشن منایا جا رہا تھا۔

ملزم نے اس کے بعد ایک اور ڈانس ہال میں بھی فائرنگ کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکا اور لوگوں کی جانب سے پکڑنے کی کوشش پر فرار ہو گیا۔

شیرف رابرٹ لونا کے مطابق ملزم کی تلاش کے دوران پولیس نے اس کی سفید وین کا سراغ لگا لیا اور جب پولیس وین کے قریب پہنچی تو انہیں فائر کی آواز آئی۔

"ملزم کے جسم پر گولی کا زخم تھا اور اسے موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔"

اس خبر کے لیے کچھ مواد خبر رساں ادارے اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG